چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا یتیم خانہ اور سبزہ زار کی اوپن مارکیٹوں کا دورہ

گراں فروشی ،کم تولنے پر10کیخلاف ایف آئی آر درج،8کو بھاری جرمانے

منگل 22 مئی 2018 17:58

لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے یتیم خانہ اور سبزہ زار کی اوپن مارکیٹوںکا اچانک دورہ کیا ، گراں فروشی اور کم تولنے پر 10دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج ،8کو بھاری جرمانے جبکہ دکانداروں کی جانب سے صارفین سے اضافی وصول کی گئی رقم بھی واپس کرا دی گئی ، تفصیلات کے مطابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ یتیم خانہ اور سبزہ زار میں جنرل سٹورز، پھلوں، سبزیوں اور گوشت کی دکانوں کا دورہ کرکے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ، اس موقع پر انتظامیہ کے لوگوں نے بطور صارف خود خریداری بھی کی ، اس دوران وارننگ کے باوجود گراں فروشی سے باز نہ آنے اور کم تولنے والے 10دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے گرفتار جبکہ 8کو بھاری جرمانے کئے گئے ، ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور معمولی گراں فروشی میں ملوث 35 دکانداروں کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے ، اس موقع پر7 مقامات سے ناقص پھل اورسبزیاں قبضے میں لیکر تلف کرادی گئیں ، چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے چھاپوں کے دوران دکانداروں کی جانب سے صارفین سے اضافی وصول کی گئی رقم بھی واپس کرا دی ، میاں عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اچانک دوروں کا مقصد گراں فروشوں کا ہاتھ روکنا ہے اور اس مقصد میں کامیابی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی ، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سبکی کا باعث بننے والی اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوںکا خود بھی محاسبہ کریں تاکہ ایسے عناصر راہ راست پر آ سکیں ۔