سری لنکا ، شدید مسلسل بارش اور آسمانی بجلی سے 7افراد ہلاک، ایک ہزار سے زائد افراد بے گھر

منگل 22 مئی 2018 22:20

دنبولا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) سری لنکا میں شدید اور مسلسل بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 7افراد ہلاک ہو گئے،سیلابی صورتحال کے نتیجہ میں ایک ہزار سے زائد افراد بے گھر اور بے دست و پا ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں شدید اور مسلسل بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 7افراد ہلاک ہو گئے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق 6 افراد کی موت آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی،جب کہ ایک شخص مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔ سری لنکا میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مختلف مقامات پر شدید بارشوں کے سبب اب تک ایک ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکا میں شدید بارشوں کا سلسلہ اتوارکے روز سے جاری ہے ، جب کہ ملکی محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی شدید بارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔