کراچی، بڑھتے درجہ حرارت کی گرما گرمی بلدیاتی اداروں تک پہنچ گئی

شرقی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں تجاوزات کیخلاف کارروائی پر ٹھیلے اور پتھارے مافیا متحرک ہوگئی

منگل 22 مئی 2018 23:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) کراچی میں بڑھتے درجہ حرارت کی گرما گرمی بلدیاتی اداروں تک پہنچ گئی ،شرقی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں تجاوزات کیخلاف کارروائی پر ٹھیلے اور پتھارے مافیا متحرک ہوگئی،دفاتر جا کر انسداد تجاوزات کے عملے کو دھمکیاں دی جانے لگیں ،مخصوص ٹھیلوں وپتھاروں کو نشانہ بنانے پر ٹھیلے و پتھارے والے بپھرے ہوئے ہیں ،ٹھیلے و پتھاریداروں کا موقف ہے کہ صدر، طارق روڈ، یونیورسٹی روڈ، حیدری میں سینکڑوں تجاوزات کو چھوڑ کر غریب ٹھیلے و پتھارے داروں کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جن تجاوزات سے بھتہ وصول کیا جاتا ہے انہیں ہاتھ بھی نہیں لگایا جا رہا ہے،عیدی کے نام پر ٹھیلے، پتھارے اٹھا کر من مانے پیسے وصول کر کے ٹھیلے اور پتھارے چھوڑے جا رہے ہیں،بلدیاتی اداروں میں جا کر شور مچایا تو افسران و عملہ دم دبا کے بھاگ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ بلدیاتی اداروں کے افسران وملازمین ٹھیلے و پتھاروں کے مالکان سے یہ درخواست بھی کرتے ہیں کہ اوپر تک پیسے پہنچانے ہیں ہمارے ساتھ تعاون کرو، ٹھیلے و پتھاریدار وں کا کہنا ہے کہ اعلی عدلیہ و تحقیقاتی ادارے شہر میں تجاوزات کی سرپرستی کرنے والوں سے نمٹیں ہم رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کو تیار ہیں،جتنا کماتے نہیں اس سے زیادہ پیسوں کی فرمائش پوری کرنے سے بہتر ہے روزگار کیلئے گلی گلی محلے محلے پھر کر سامان بیچ لیں۔#