کراچی، رمضان المبار ک میںگراں فروشی کے خلاف انتظامیہ کی مہم

474 دکانداروں کے خلاف کارروائی، 35 گراں فروش جیل، پانچ لاکھ68 ہزار روپے جرمانہ

منگل 22 مئی 2018 23:37

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی ہدایت پر گراں فروشوں کے خلاف کراچی انتظامیہ کی مہم جاری ہے مہم میں منگل کو کارروائی کر تے ہوئے گراں فروشی کے مرتکب 474 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 35 گراں فروشوں کو جیل بھیجا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مہم میں کارروائی کے دوران فروٹس، سبزی ،کریانہ ، دودھ، گوشت ، کھجلہ کھجور ، بیسن سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیاء میں گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

کارروائی میں مجموعی طور پر پانچ لاکھ 68 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماہ رمضان المبارک میں سرکاری نرخوں کو سختی سے نافذ کریں یقینی بنائیں کہ عوام کو اشیا ئے خورد ونوش کی قیمتوں میں ریلیف ملے اور انہیںسرکاری نرخ پر اشیاء دستیاب ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گراں فروشی کے خلاف مہم جاری رہے گی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ روزہ داروں کو ماہ رمضان المبار ک میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ریلیف ملے اور انہیں مناسب قیمت پر کھانے پینے کی اشیاء دستیاب ہوں۔

کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سرکاری نر خ کی فہرستیں آویزاں نہ کر نے والے دکانداوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دکاندار سرکاری نرخ کی فہرستیں نمایاں طور پر آویزاں کریں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ فہرستیں دیکھ کر قیمت ادا کریں اور اگر کسی دکاندار کے خلاف شکایت ہو تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر یا کمشنر کراچی کے دفتر میںفون نمبر 1299 پر شکایت درج کرائیں۔