کے پی فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کا پشاور مذبح خانوں کا دورہ، متعلقہ ڈاکٹروں کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار

بدھ 23 مئی 2018 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) خیبر پختونخواہ فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ صبح پشاور کے مختلف مذبح خانوں کا دورہ کیا جہاں صفائی کی ابتر صورت حال دیکھ کر فوڈ اتھارٹی کا عملہ دنگ رہ گیا۔ کے پی فوڈ اتھارٹی کے ترجمان عطائ اللہ خان کے مطابق جب فوڈ اتھارٹی کا عملہ کمبیلہ میں واقعہ سلاٹر ہاؤس پہنچا تو وہاں پر نہ ڈاکٹر موجود تھا اور نہ کوئی متعلقہ اہلکار، جبکہ ڈرائیور خود سے بیمار اور لاغر ذبح شدہ جانوروں پر سٹیمپ لگا رہا تھا۔

اس کے علاوہ نجی مذبح خانے کا جب دورہ کیا گیا تو وہاں بھی حالت کوئی بہتر نہیں تھی اور وہاں پر بھی متعلقہ ڈاکٹرز غیر حاضر پائے گئے جس پر کے پی فوڈ اتھارٹی کے افسران نے متعلقہ ادارے کو ھدایات جاری کیں کہ وہ متعلقہ ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے موجودگی کو یقینی بنائے اور ذبح ہونے والے تمام جانوروں کا صحیح میڈیکل چیک اپ کی جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں مذبح خانوں کی حالت ابتر ہے اور اس کوبہتر بنانے کے لیئے کے پی فوڈ اتھارٹی نے متعلقہ حکام کو تجاویز دیں ہیں۔

اٴْن کا مذید کہنا تھا کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی صرف 8سلاٹر ہاؤسز ہیں جن میں سے کوئی بھی خیبر پختونخواہ میں موجود نہیں۔کے پی فوڈ اتھارٹی نے ماڈرن سلاٹر ہاؤس کی تجویز دی ہے جس پر ہوم ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ عملدآمد اجازت ملنے کے بعد کیا جائے گا۔