قومی اسمبلی اجلاس،اشخاص با الخصوص خواتین اور بچوں کی ناجائز تجارت اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ایکٹ میں ترمیم کرنے کے بل سمیت 4بل منظور کر لئے گئے

بدھ 23 مئی 2018 23:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) قومی اسمبلی میںاشخاص با الخصوص خواتین اور بچوں کی ناجائز تجارت اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ایکٹ میں ترمیم کرنے کے بل سمیت چار بل منظور کر لئے گئے ۔بدھ کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے اشخاص بالخصوص خواتین اور بچوں کی ناجائز تجارت کی ممانعت اور تدارک کا بل ( اشخاص کی ناجائز تجارت کی ممانعت کا بل 2018) سینٹ کی منظور کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لانے کی تحریک پیش کی، اجازت ملنے پر بل کی منظور ی دے دی گئی ۔

قومی اسمبلی نے پاکستان قابل تجدید توانائی ٹیکنالوجیز کونسل بل کے قیام کے لئے احکام وضع کرنے کا بل پاکستان قابل تجدید توانائی ٹیکنالوجیز کونسل بل 2018 کی بھی منظوری دے دی،رکن اسمبلی ثریا اصغر نے بل پیش کرنے کی اجازت مانگی۔

(جاری ہے)

اجازت ملنے کے بعد ایوان نے بل کی شق وار منظوری دے دی۔ وزیر مملکت خزانہ رانا محمد افضل نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ایکٹ 2015 میں مزید ترمیم کرنے کا بل سینٹ کی منظور کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔

ایوان سے منظوری کے بعد بل کی شق وار منظوری لی گئی۔ اس دوران شازیہ مری اور ڈاکٹر عذرا فضل کی طرف سے پیش کردہ ترامیم کو ایوان نے مسترد کردیا۔ وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک نے لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز(ترمیمی)بل 2018 قومی اسمبلی میں پیش کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔ اجازت ملنے پر ایوان نے بل کی شق وار منظوری دے دی۔ اس دوران عالیہ کامران کی طرف سے پیش کردہ ترمیم کی وزیر نے مخالفت کی۔