اقوام متحدہ نے شمالی کوریائی سفارتکاروں پر عائد سفری پابندی اٹھا لی

جمعرات 24 مئی 2018 13:49

نیو یارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) اقوام متحدہ نے شمالی کوریا کے رہنماکم جونگ ان اورامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے سلسلہ میں شمالی کوریائی سفارتکاروں پر عائد سفری پابندی اٹھا لی جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسلکی متعلقہ کمیٹی نے اس مجوزہ اعلی سطحی اجلاس کی تیاریوں کے لئے سنگا پور جانے والے شمالی کورین حکام پر عائد سفری پابندی اٹھانے پر اتفاق کیا ہے ۔

نیویارک میں سفارتکاروں نے بتایا کہ سنگاپور نے گذشتہ ہفتہ سلامتی کونسل کی کمیٹی سے اس شمالی کورین وفد کو سفری پابندی سے استثنا کی درخواست کی تھی جس نے 12 جون کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کورین صدر کم جونگ ان کے درمیان مذاکرات کی تیاریوں کے لئے سنگاپور جاناہے ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں سنگا پور کے سفیر برہان غفور نے کمیٹی کولکھے گئے خط میں بتایا کہ اس اعلی سطحی اجلاس سے شمالی کوریا کے ایٹمی مسئلہ کے حل اور خطہ بھر میں امن و استحکام کے قیام میں بڑی مدد ملے گی ۔

خط می شمالی کورین وفد میں شامل ارکان کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا واضح رہے کہ سلامتی کونسل کی متعلقہ کمیٹی نے شمالی کوریا کے 80 سفارتکاروں اور حکام پر سفری پابندی عائد کی ہے جبکہ شمالی کور ین 75 اداروں کے اثاثے منجمد کر کے ان پر عالمی سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں ۔