لارڈز ٹیسٹ ،ایلسٹر کک نے 24سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

برطانوی اوپنر سابق کینگرو کپتان ایلن بارڈز کے ہم پلہ آگئے

جمعرات 24 مئی 2018 16:06

لارڈز ٹیسٹ ،ایلسٹر کک نے 24سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا
لندن(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی 2018 ء) انگلش ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک نے پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شرکت کرکے سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر کا مسلسل زیادہ ٹیسٹ میچز میں شرکت کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا ہے ۔ایلسٹر کک اپنے کیریئر کا مسلسل153واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں جب کہ ایلن بارڈر نے مارچ1979ءسے مارچ1994ءتک مسلسل اتنے ہی ٹیسٹ میچز کھیل کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا ۔

ایلن بارڈز اور ایلسٹر کک کے بعد سابق آسٹریلیوی ٹیسٹ کرکٹر مارک وا (107)،سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر(106)اور سابق کیوی قائد برینڈن میکولم (101) اپنے ٹیم کے مسلسل میچز کا حصہ رہے ۔2006ءمیں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ایلسٹر کک نے اب تک محض ایک ٹیسٹ میچ مس کیا ہے جب وہ اپنے دوسرے ہی میچ میں بھارت کے خلاف ممبئی ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایلسٹر کک کو انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز (12000+) اورسب سے زیادہ سنچریاں(32) بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔

اس سے قبل دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو سال بعد ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ سیریز میں آمنا سامنا ہوگا، آخری مرتبہ 2016 ءمیں اوول میں انگلینڈ کو شکست دے کر قومی ٹیم نے پہلی مرتبہ آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جو مختصر وقت تک برقرار رہی۔

گزشتہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی قیادت مصباح الحق اور انگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک تھے تاہم اب دونوں ٹیموں کے کپتان نئے ہیں، گرین کیپس کی قیادت سرفراز احمد اور انگلش ٹیم کی کپتانی کے فرائض جو روٹ ادا کریں گے۔آج سے شروع ہونے والے لارڈز ٹیسٹ کے لیے گیارہ رکنی قومی ٹیم اظہر علی، امام الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی پر مشتمل ہوگی۔
لارڈز ٹیسٹ ،ایلسٹر کک نے 24سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا