اوپن یونیورسٹی کے 13 لاکھ طلباء کو ’’وائس آف اے آئی او یو ایف ایم 91.6 ‘‘ کی تعلیمی نشریات پہنچانے کیلئے 8 بڑے شہروں میں ایف ایم ریڈیو سٹیشنز قائم کئے جائیں گے

جمعرات 24 مئی 2018 16:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے 13 لاکھ طلباء کو ’’وائس آف اے آئی او یو ایف ایم 91.6 ‘‘ کی تعلیمی نشریات پہنچانے کیلئے ملک کے 8 بڑے شہروں میں ایف ایم ریڈیو سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ اس حوالہ سے کراچی ،ْ لاہور،ْ کوئٹہ ،ْ ملتان ،ْ بہاولپور ،ْ میرپور ،ْ پشاور اور ڈی جی خان میں ٹرانسمیٹرز نصب کئے جائیں گے۔

وائس آف اے آئی او یو ایف ایم 91.6 کی ریڈیو نشریات فی الحال راولپنڈی/اسلام آباد میں 60 کلومیٹر کی رینج میں سنی جا سکتی ہیں، ٹرانسمیٹرز لگانے سے ملک کے تمام حصوں میں یونیورسٹی کی ایف ایم نشریات سنی جا سکیں گی، طلباء کو یونیورسٹی کے پیغامات فوری طور پر پہنچانے کیلئے ویب ٹی وی کو بھی اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے یونیورسٹی کی ریڈیو نشریات کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔

ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی اعجاز احمد کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی خصوصی ہدایت پر ریڈیو نشریات کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ہے، اب یہ نشریات صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یونیورسٹی کی ریڈیو نشریات پیش کرنے کیلئے طلباء اور اساتذہ کو مدعو کرتے ہیں۔ اعجاز احمد کے مطابق فیس بک کے ذریعہ بھی اِن نشریات تک رسائی فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر ہم نے اردو کے علاوہ مقامی زبانوں میں بھی نشریات کا آغاز کیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی زیر قیادت یونیورسٹی طلبہ کے سپورٹ سسٹم کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کی دہلیز پر تمام تعلیمی خدمات پہنچانے کے بنیادی مقصدکے حصول کو اپنی اولین ترجیح کے طور پر اختیار کئے ہوئے ہے۔

یہی وجہ ہے کہ داخلہ فارم جمع کرانے کے کچھ ہی عرصے کے بعد یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب طلباء و طالبات کے کوائف فراہم کردئیے جاتے ہیں ،ْ طلباء کے داخلہ فارم میں اگر کسی قسم کی کمی بیشی پائی جائے تو وہ بھی یونیورسٹی ویب سائٹ پر آویزاں کر دی جاتی ہے ۔ اسی طرح درسی کتابوں کی ترسیل ،ْ ٹیوٹرز کی تقرری ،ْ امتحانات اور نتائج کے بارے میں تمام اطلاعات بھی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بروقت فراہم کر دی جاتی ہیں۔