ہائرایجوکیشن کمیشن پنجاب یونیورسٹی کو بزنس انکوبیشن سنٹر کیلئے 11 ملین فراہم کریگا

جمعرات 24 مئی 2018 16:57

ہائرایجوکیشن کمیشن پنجاب یونیورسٹی کو بزنس انکوبیشن سنٹر کیلئے 11 ملین ..
لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں حال ہی میں قائم کئے گئے بزنس انکیوبیشن سنٹر کی ترقی کیلئے گیارہ ملین روپے کی رقم فراہم کریگا، اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وائس چانسلر آفس میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں، ڈائریکٹر آئی بی اے ساجدہ نثار و دیگر حکام نے شرکت کی، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس گرانٹ کا مقصد انٹریپنورز کو وسائل اور خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ روزگار اور کمپنیوں کا آغاز کرنے کیلئے نئے آئیڈیاز کو عملی شکل پہنائی جا سکے، اس سلسلے میں تعلیمی اور آر اینڈ ڈی کے اداروں اورپرائیوٹ سیکٹر کے مابین تعلقات کو بھی فروغ دیا جائیگا اور انٹرپینورز کو بہترین انفراسٹرکچر فراہم کیا جائیگا، اس موقع پرساجدہ نثار کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 6 مارچ 2018 کو انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں قائم بزنس انکیوبیشن سنٹر کا سروے کیا تھاسروے کے بعد ہائرایجوکیشن کمیشن نے سنٹر کی بہترین رپورٹ دی جو کہ اس معاہدے پر منتج ہوئی ہے، اس معاہدے سے ملک میں چھوٹے کاروبار کو فروغ ملے گا اور ملکی معیشت مضبوط ہو گی جس میں پنجاب یونیورسٹی کا کردار جاری رہے گا۔