سکھر شہر کو خوبصورت ، سرسبز و شاداب اور روشنیوں کا شہر بنایا جائے گا، میئر سکھر

جمعرات 24 مئی 2018 23:35

سکھر۔ 24مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) سکھر شہر کو خوبصورت ، سرسبز و شاداب اور روشنیوں کا شہر بنایا جائے گا جس کے لئے ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے، شہر کو روشنیوں سے مزین کرنے کا کام آخری مراحل میں ہے ، 2500 جدید LED لائٹس لگانے سے شہر کی اہم شاہراہیں روشن ہوگئی ہیں جبکہ مزید ایک ہزار LED لائٹس لگائی جارہی ہیں، ڈپٹی کمشنر رحیم بخش میتلو بھی ان ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل میں ہمارے ساتھ ہیں، اندھیروں کو اجالے راستوں میں تبدیل کرنے کے عمل میں وہ ہمارے ساتھ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ڈپٹی کمشنر رحیم بخش متیلو کے ہمراہ ملٹری روڈ ، دعا چوک اور ہائی کورٹ کے مقامات پر لائٹس روشن کرنے اور نقاب کشائی کے موقع پر کیا ، ہزاروں شہریوں ، یو سی چیئرمین اور نوجوانوں کی موجودگی میں سکھر کو روشنیوں کا شہر بنادیا ، میئر سکھر نے ڈپٹی کمشنر ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایم این اے فنڈ سے اسٹریٹ لائٹس لگوا کر دیں اس موقع پر لوگوں نے فلک شگاف نعرے لگائے ، میئر ارسلان شیخ ، نعمان اسلام شیخ ، ڈپٹی کمشنر رحیم بخش میتلو زندہ باد کے نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

میئر سکھر نے کہا ہے کہ 3500 ، LED لائٹس 10 کروڑ روپے کے خرچ سے لگائی گئی ہیں، ان کی روشنی سے دن کا سماں محسوس ہوتا ہے، ہم شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے شہریوں کے تعاون سے ترقیاتی کاموں کا جال بچھارہے ہیں اور دیرینہ مسائل کو حل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا جاچکا ہے، گل مہر کے خوبصورت درخت، دیدہ زیب جالیوں کے ساتھ شہر کی اہم شاہراہوں پر لگائے جارہے ہیں ،د رختوں سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ اس کے مثبت اثرات ماحولیات اور موسم پر بھی ہونگے، آئندہ چند ماہ میں شہر کی سڑکیں گلیاں پختہ ہوچکی ہونگی جبکہ ملٹری روڈ کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے، سڑک کے درمیان میں خوبصورت گرین بیلٹ، کارنرز پر خوبصورت کٹس اور روشنیوں سے منور کردیا جائے گا، شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی اسکیموں پر عمل کیا جارہا ہے ، جبکہ پانی کا مسئلہ کافی حد تک حل کردیا گیا ہے اب واٹر ورکس سے ہر علاقہ میں طے شدہ شیڈول کے مطابق پانی فراہم کیا جارہا ہے، میئر سکھر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سکھر ضلعی سالانہ ترقیاتی فنڈ سے سکھر شہر میں سینکڑوں ترقیاتی کام کرارہے ہیں جن سے شہر جدید سہولتوں سے آراستہ ہوجائے گا۔