گورنمنٹ کنٹریکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ضلع بھرمیں مختلف ترقیاتی سکیمیں مکمل ہونے کے باوجود سائیٹ وزٹ نہ کرنے ،کروڑوں روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پرراولپنڈی شہر سمیت ضلع بھر میں متعدد جاری سکیموں پر کام بند کر دیا

آئندہ چند روز میں سبکدوش ہونے والی حکومت کے سیاسی ذمہ داران نے پہلے ہی کنارہ کشی اختیار کر لی حکومتی عدم دلچسپی اور ٹھیکیداروں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی بندش سے مختلف گنجان رہائشی علاقوں کے عوام انتہائی اذیت سے دوچار ہو گئے

جمعہ 25 مئی 2018 21:55

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) گورنمنٹ کنٹریکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ضلع بھرمیں مختلف ترقیاتی سکیمیں مکمل ہونے کے باوجود سائیٹ وزٹ نہ کرنے اورکروڑوں روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پرراولپنڈی شہر سمیت ضلع بھر میں متعدد جاری سکیموں پر کام بند کر دیا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں سبکدوش ہونے والی حکومت کے سیاسی ذمہ داران نے پہلے ہی کنارہ کشی اختیار کر لی حکومتی عدم دلچسپی اور ٹھیکیداروں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی بندش سے مختلف گنجان رہائشی علاقوں کے عوام انتہائی اذیت سے دوچار ہو گئے جاری منصوبوں کی زد میں آنے والے متاثرہ شہریوں نے چیئر مین نیب اور ڈی جی اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی کے شہری اور مضافاتی علاقوں میں واٹر سپلائی سکیموں ، ٹیوب ویلوں کی تنصیب ، نالوں اور نالیوں کی تعمیر سمیت کھیل اور صحت کے مختلف منصوبوں کی مکمل چھان بین کی جائے جبکہ متاثرہ ٹھیکیداروں نے کروڑوں روپے کے واجبات رکنے پر شدید احتجاج کر تے ہوئے وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے ٹھیکیدارون کی جانب سے کام کی بندش کے باعث بند کھنہ روڈ کے اطراف نالے کی تعمیر کا کام کئی روز سے بند پڑا ہے سڑک کنارے ریت ، بجری کے بڑے ڈھیر اور مشینری ڈمپ ہونے سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے جبکہ پورا علاقہ انتہائی گردو غبار کی لپیٹ میں ہے اہلیان علاقہ کے مطابق بند کھنہ روڈ کے اطراف نالوں کی تعمیر کا ٹھیکہ ایسے ٹھیکیدار کو دیا گیا جسے بغیر ٹینڈرشہر کے 70فیصد ٹھیکے دینے کے ساتھ ایڈوانس اور بروقت ادائیگیاں کی گئیں لیکن کسی ایک ٹھیکیدار کے واجبات رکنے کی وجہ سے یکجہتی کے لئے ٹھیکیدار نے ادھر بھی کام روک دیا ہے ٹھیکیدار وں کا موقف ہے واجبات رکنے کی وجہ سے ان کے مزدور ،مستری اور معاون عملہ ادئیگیاں نہ ہونے پر شدید مشکلات کا شکار ہیں ادائیگیاںفی الفور نہ ہوئیں تو مجبور ہوکر سڑکوں پر آنا پڑے گا گورنمنٹ کنٹریکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے کیپٹن(ر) عبدالطیف کے مطابق راولپنڈی ضلع کے سینکڑوں ٹھیکیداروںنے گزشتہ3 ماہ کے دوران راولپنڈی ضلع میں مختلف سرکاری اداروں میں سکیمیں مکمل کیں اور اسکے ساتھ دیگر تعمیر و ترقی کے منصوبے بھی بروقت مکمل کئے مالی سال مکمل ہونے کے بعد 2ماہ 15دن کے بعد حکومت پنجاب نے فنڈز تمام اضلاع کی طرح راولپنڈی کے شعبہ بلڈنگ کو جاری کر دیئے ہیں لیکن شعبہ بلڈنگ کے افسران کی جانب سے مکمل ہونے والی سکیموں کا سائیٹ وزٹ نہیں کیا اور نہ ہی بل بروقت سائن کر کے آگے بھجوائے اسی وجہ سے کنسلٹنٹ نے راولپنڈی ضلع کے تمام بل روک دیئے ہیں جس کی وجہ سے ادائیگیاں بھی رک گئیں ہیں ‘شعبہ بلڈنگ کے افسران کی اس غفلت اور لا پرواہی کے باعث تمام ٹھیکیدار سراپا احتجاج ہیںٹھیکیداروں نے مستریوں اور مزدوروں کو بھی ادائیگیاں کرنا ہے جنہوں نے اپنے علاقوں میں جا کر اپنے بچوں کے ساتھ عید کرنی ہے لیکن ہمارے ساتھ منسلک تمام طبقات شدیدمالی مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر 48گھنٹوں میں ہماری مکمل ادائیگیاں نہ ہوئیں تو سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے انہوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور غفلت لاپرواہی کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کریں ۔