حکوت سندھ نجی تعلیمی بورڈ کے قیام اور تعلیم کی نجکاری سے باز رہے، جمعیت

پیپلز پارٹی کی موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں تعلیم کی بربادی کا ٹھیکہ اُٹھائے رکھا ہے، نواز اعوان

جمعہ 25 مئی 2018 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے نگراں تعلیمی کمیٹی نواز اعوان نے ضیاء الدین تعلیمی بورڈ کے قیام کی حکومتی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضیاء الدین یا اس طرز کا کوئی بھی تعلیمی بورڈ ہمیں قبول نہیں ہے، موجودہ صوبائی حکومت نظام و معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کے بجائے مسلسل اس کو تباہ و برباد کر رہی ہے، اب جبکہ صوبائی حکومت و ایوان کی مدت ختم ہونے میں ایک ہفتہ بھی نہیں رہ گیا تو صوبائی حکومت ضیاء الدین تعلیمی بورڈ کے قیام کی قرارداد ایوان میں لانے کی تیاری کر رہی ہے جس سے سراسر حکومتی بددیانتی واضح ہوتی ہے، طرفہ تماشا یہ کہ تاریخ میں پہلی بار سرکاری تعلیمی اداروں کا الحاق نجی بورڈ سے کرنے کی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے صوبائی حکومت کا اپنی ہی وزارت تعلیم پر عدم اعتماد ظاہر ہوتا ہے، نواز اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کبھی جامعات کو مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنانے کی گھناؤنی سازش کرتی ہے تو کبھی تعلیم کو ضیاء الدین بورڈ کی شکل میں کرپٹ اشرافیہ کے ہاتھوں یرغمال بناتی نظر آتی ہے لہٰذا ہم حکومت سندھ کو متنبہ کرتے ہیں کہ تعلیم کی نجکاری، نجی تعلیمی بورڈز کے قیام اور تعلیم کے نام پر سیاسی رشوتوں کی بندر بانٹ سے باز رہے، ہم کسی صورت تعلیم کو کرپٹ اشرافیہ کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دینگے ۔