متحدہ مجلس عمل بحالی سے بہت سے لوگ بحال ہو گئے، صوبہ میں ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے، امیر شفیق الرحمن

ہفتہ 26 مئی 2018 21:31

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام یو سی ہلکوٹ کے امیر شفیق الرحمن نے جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ کا متحدہ مجلس عمل ضلع مانسہرہ کے صدر منتخب ہونے پر اور جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا ناصر محمود کا متحدہ مجلس عمل کا ڈپٹی جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر ان کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ ہلکوٹ میں افطار ڈنر دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام تحصیل بالاکوٹ کے نائب امیر حفظ الرحمن خان، اسد خان، قاری حلیم الرحمن، ناظم ویلج کونسل ہلکوٹ محمد جان، ایوب خان سرخیلی موجود تھے۔ اس موقع پر مولانا سید ہدایت الله شاہ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے بہت سے لوگ بحال ہو گئے ہیں، متحدہ مجلس عمل صوبہ خیبرپختونخوا میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی، متحدہ مجلس عمل ضلع مانسہرہ میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی، ایم ایم اے ملک میں اسلامی انقلاب لائے گی۔ مولانا ناصر محمود نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ہزارہ ڈویژن میں تاریخی کامیابی حاصل کریں گی، ایم ایم اے کی بحالی سے لادین قوتین پریشانی سے دوچار ہیں اور 2018ء کے عام انتخابات میں ایم ایم اے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔