راہبر راہزن بن جائیں تو عوام اپنے گھروں میں چین کی نیند نہیں سو سکتے،ڈاکٹر سید وسیم اختر

ہفتہ 26 مئی 2018 21:48

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ راہبر راہزن بن جائیں تو عوام اپنے گھروں میں چین کی نیند نہیں سو سکتے۔ امت مسلمہ کی بدحالی اور بے قدری کے اصل ذمہ دار وہ حکمران ہیں جو عوام کی مرضی کے خلاف اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہیں۔ محمد بن قاسم نے ایک بہن کی پکار پر سمندر کا سینہ چیر کر راجہ داہر کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا تھا لیکن آج فلسطین، کشمیر اور برما سمیت ہر جگہ سے قوم کی بیٹیاں چیخ و پکار کر رہی ہیں مگر مسلم حکمران بے حسی اور بے شرمی کی چادر اوڑھ کر سوئے ہوئے ہیں۔

رمضان مسلمانوں کو یہ پیغام دیتاہے کہ اگر سربلندی چاہتے ہو تو خوف خدا رکھنے والی جرا ت مند قیادت کا انتخاب کرو جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکیںوہ اندرون شہر پھٹے والی گلی میں افطار پارٹی سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم اپنا محاسبہ کرے اور خود احتسابی کے بعد ایسی قیادت کا انتخاب کرے جو امت کے اجتماعی مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ہو۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات قوم کے پاس بہترین موقع ہیں کہ وہ چوروں اور لٹیروں کی بجائے دینی جماعتوں کے دیانتدار اور باکردار امیدواروں کو ووٹ دے۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کی قیادت متحد ہو کر ہی مسائل کی د لدل سے باہر نکل سکتی ہے۔امیر شہر سید ذیشان اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان ذاتی محاسبے کا مہینہ ہے۔ اسلام کو اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ غلبہ عطا فرمایا کیونکہ اسلام مغلوب ہونے کے لیے نہیں، غالب رہنے کے لیے آیاہے۔

انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ اس وقت مغلوب ہوتی ہے جب اسلام اسے ایک وادی میں پکار رہا ہوتاہے اور وہ اپنی مرضی سے کسی دوسری وادی میں بھٹک رہی ہوتی ہے۔ اسلام کا تقاضا ہے کہ انسان خود کو اللہ کی مرضی کے تابع کردے مگر انسان شیطان کے بہکاوے میں آ کر خود سری اختیار کر لیتاہے جس سے اللہ کی نصرت سے محروم ہو جاتاہے اور پھر شیطان اسے ذلیل و خوار کر کے چھوڑتاہے۔

جب ایمان مردہ اور ضمیر ختم ہو جائے تو پھر فوجوں کے لائو لشکر اور وسائل کی فراوانی کے باوجود عزت و وقار رخصت ہو جاتاہے۔ آج دنیا بھر میں مسلمانوں کی قابل رحم حالت کے اصل ذمہ داروہ حکمران ہیں جو اللہ کی بجائے کبھی امریکہ اور کبھی برطانیہ کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہوتے ہیں۔تقریب سے یوتھ ونگ کے صدر راشد علی نے بھی خطاب کیا