نریندر مودی اور امیت شاہ کی جوڑی بھارت کے لیے تباہ کن ہے، کانگریس

اتوار 27 مئی 2018 10:20

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) بھارتی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندرمودی اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے صدر امیت شاہ کی جوڑی کو ملک کے لیے نقصان دہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے چار سال کے دوران کوئی بھی وعدہ پورانہ کرکے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا۔

(جاری ہے)

کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد،کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت میں ملک میں کوئی خود کو محفوظ محسوس نہیں کررہا۔

انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کی چار سال کی مدت پوری ہونے کو پارٹی ملک بھر میں دھوکہ دہی کے دن کے طورپر منارہی ہے اور ریاستوں کے دارالحکومتوں اور ضلع ہیڈکوارٹروں میں پارٹی رہنما پریس کانفرنس کرکے مودی حکومت کی خامیوں کا پردہ فاش کررہے ہیں۔حکومت کی ناکامی پر پارٹی نے ’وشواس گھات چارسالوں میں صرف بات ہی بات ‘کے عنوان سے ایک کتابچہ بھی جاری کیا ہے جس میں مختلف شعبوں میں اعدادوشمار کے ذریعے حکومت کی ناکامیوں کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے۔