جماعت اسلامی باجوڑ کے زیر اہتمام عنایت کلی میں دوسری قبائلی ایجنسیوں کی طرح یوم فتح اور یوم جشن منایا گیا

اتوار 27 مئی 2018 21:20

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) جماعت اسلامی باجوڑ کے زیر اہتمام عنایت کلی میں دوسری قبائلی ایجنسیوں کی طرح یوم فتح اور یوم جشن منایا گیا اور اس ضمن میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی باجوڑ قاری عبدالمجید نے کہا کہ آج پورے قبائل کیلئے خوشی و فتح کا جشن ہے،ایف سی آر کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کی قیادت نے عظیم قربانیاں دی ہیں،اس بات کی انتہائی خوشی ہے کہ آج ہم کو بھی ملک کے دوسرے شہریوں کی طرح بشری حقوق حاصل ہوگئے ہیں،ہمارے مرحوم قاید قاضی حسین احمد نے ایف سی آر کے لئے طویل جوجہد کی ہے۔

اس موقع پر ان انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ایف سی آر کے اس ظالمانہ نظام کے خلاف عشروں پر محیط ایک تاریخی جدوجہد ہے،ہم نے تاریخی باب خیبر سے اسلام آم آباد تک ایک لانگ مارچ کا انعقاد کیا جس میں ہزاروں قبائلیوں نے شرکت کی،رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جس طرح پاکستان نے برطانوی سامراج سے آزادی حاصل کی تھی اسی طرح ہم نے بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں انگریزوں کی نافذ کردہ غلامانہ نظام سے آزادی حاصل کی۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی باجوڑ قاری عبد المجید نے مزید کہا کہ اپنے قایدین جناب سردار خان صاحب،صاحب زادہ ہاروم الرشید صاحب،سینیٹر مشتاق احمد خان اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سیراج الحق کا بھی انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے ایف سی آر کے خلاف ایک ظویل جدوجہد کی ہے۔ریلی سے نایب امیر جماعت اسلامی فاٹا محمد حمید صوفی ،ثناء اللہ خان صدر جے آئی یوتھ باجوڑ،فرمان اللہ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی یوتھ فاٹا نے بھی خطاب کیا۔