ملک کے محفوظ مستقبل کیلئے نئی نسل کو صحتمند بنانا ہو گا، پروفیسر غیاث النبی طیب

پیر 28 مئی 2018 17:18

ْلاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) محکمہ صحت پنجاب کی ہدایت پر بچوں کو خسرہ سے بچاؤکے انجیکشن لگانے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں مربوط انتظامات کئے گئے ہیں جہاں طے شدہ شیڈول کے مطابق ویکسین فراہم کی جا رہی ہیں ، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے ایل جی ایچ میں خسرہ سے بچاؤ کیلئے قائم تینوں کاونٹرز کا دورہ کیا اور وہاں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر نادیہ ارشد اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو بھی اس موقع پر موجود تھیں، پرنسپل پی جی ایم آئی کو بتایا گیا کہ خسرہ سے بچاؤ کی مہم میں 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو انجیکشن لگائے جا رہے ہیں اور ہسپتال میں ان بچوں کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جا رہا ہے، پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو حکومت کی طرف سے شروع کی جانے والی حفاظتی مہمات سے مستفید ہونا چاہئے بالخصوص بچوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے زیادہ محتاط رہنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ملک کے محفوظ مستقبل کیلئے نئی نسل کو صحتمند بنانا ہو گا، پرنسپل پی جی ایم آئی نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف سے بھی کہا کہ وہ خسرہ سے بچاؤ کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس ڈیوٹی کو مشن سمجھ کر پورا کریں، اس موقع پر پروفیسر غیاث النبی طیب کی بچوں کے والدین سے بھی بات چیت ہوئی جنہوں نے خسرہ سے بچاؤ کے مفت انجیکشن لگانے پر شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :