پولیس مقابلے کے دوران بدنام زمانہ اشتہاری مجرم میر زادہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

پیر 28 مئی 2018 23:31

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) تھانہ صدر کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران بد نام زمانہ اشتہاری مجرم میر زادہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ تین ساتھی فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ہلاک ہونے والے مجرم نے کچھ عرصہ قبل پولیس اہلکار محمد فیضان کو قتل کر دیا تھا جس کا ایک ساتھی اس سے قبل پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر حسن ابدال پولیس کو زرائع سے اطلاع ملی کے پولیس اہلکار فیضان کے قتل میں ملوث مشہور زمانہ اشتہاری مجرم میر زادہ ولد نوبت خان سکنہ بروال اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس چوکی جھاری کس کے علاقے میں موہڑی کے جنگل میں موجود ہے جس پر ایس ایچ او صدر محمد فاروق ۔

(جاری ہے)

انچارج چوکی جھاری کس عاطف حسین۔سجاد حسین اے ایس آئی نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ مجرمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو جنگل میں موجود مجرموں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر اسلحہ سے فائرنگ شروع کر دی۔

بعدازاں مزید نفری طلب کر لی گئی اور فائرنگ کا تبادلہ جو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہا کے دوران میر زادہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا جبکہ دیگر تین ساتھی فائرنگ کی آڑ میں موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔ہلاک ہونے والے مجرم کی نعش کو بعدازاں پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو حسن ابدال منتقل کر دیا گیا جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئیں۔ ہلاک ہونے والا مجرم میر زادہ بین الصوبائی پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ تھانہ صدر میں اس کے خلاف پولیس اہلکار محمد فیضان کو فائرنگ کر کے شہید کرنے کا مقدمہ درج تھا جس میں اس کا دوسرا ساتھی کچھ عرصہ قبل پولیس مقابلے میںمارا گیا تھا۔