پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے زیر اہتمام خریف کی فصلوں کیلئے قرضوں کی فراہمی 30 جون تک جاری رہے گی

پیر 28 مئی 2018 23:45

فیصل آباد۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے زیر اہتمام فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی رواں ماہ30 جون تک جاری رہے گی جبکہ فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کی تمام برانچز کے عملہ کو قرضوں کا مقررہ ہدف ہر حال میں پوراکرنے کاٹاسک دے دیا گیاہے نیز اب تک ڈیڑھ ارب روپے کے قریب قرضے جاری بھی کردیئے گئے ہیں۔

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے تمام شہروں میں موجود کوآپریٹو بینک کی تمام شاخیں امداد باہمی کی تنظیموں سمیت ممبران و چھوٹے کاشتکاران میں فصلات خریف کیلئے قرضہ جات تقسیم کررہی ہیں تاکہ انہیں دھان ، کپاس اور دیگر فصلات خریف کی کاشت کے ضمن میں کسی مالی مسئلہ کاسامنا نہ کرناپڑے اور وہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ پیداواری و کاشتہ اہداف پورے کرنے میں معاون ثابت ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ تمام بینکوں کی برانچز کے حکام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی بے قاعدگی سے گریز کریں بصورت دیگر کوئی شکائت ملنے پرذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار زرعی قرضوںکے علاوہ دیگر قرضہ جات بھی حاصل کرسکتے ہیںلہٰذا انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے فوری طور پر پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کی قریبی شاخوں سے رابطہ کریں ۔ انہوںنے مزید اپیل کی کہ جن سوسائٹیوں اور کاشتکاروں کے ذمہ فصلات ربیع سمیت سابقہ قرضہ جات کی رقوم واجب الادا ہیں وہ ان کی جلد ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ انہیں آئندہ بھی زیادہ سے زیادہ زرعی قرضوں کااجراء کیاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :