مہاجر صوبہ لوگوں کے دل کی آواز بن چکا ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے 10 سال تک سندھ کے شہری علاقوں کو کھنڈر بنائے رکھا،چیئرمین ایم آئی ٹی

منگل 29 مئی 2018 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ آج مہاجر صوبہ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگوں کے دل کی آواز بن چکا ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہر مہاجر لیڈر اور عوام صرف ایک نقاطی ایجنڈے مہاجر صوبے کے قیام کیلئے سڑکوں پر آکر جدوجہد کرنے پر مجبور ہوںگے۔ وہ ملیر میں افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر اعجاز شیخ، فرید خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے 10 سال میں سندھ کے شہری علاقوں کو کھنڈر بناکر رکھ دیا ہے۔ وزیر بلدیات کرپٹ ترین شخص کو بنایا گیا جو شہری علاقوں کے فنڈز کی لوٹ مار کرکے پیسہ بیرون ملک منتقل کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب جبکہ نگراں حکومت قائم ہونے والی ہے انتخابات سے پیپلزپارٹی کے بدعنوان وزراء، اراکین اسمبلی ، مشیر اور پارٹی عہدیداروں کی کرپشن اور لوٹ مار کی تحقیقات کی جائے اور ان کے لوٹ مار سے بنائے گئے اثاثے ضبط کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر نواز شریف کی کرپشن کیخلاف کارروائی کی جاتی ہے تو پھر آصف زرداری ، فریال تالپور سمیت دیگر پیپلزپارٹی کے کرپٹ لوگوں کیخلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ احتساب کا عمل شفاف بنایا جاسکے۔انہوں نے اسٹیبلشمنٹ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ فوری طورپر سندھ میں انتظامی یونٹ کا قیام عمل میں لاکر مہاجروںمیں پائی جانے والی احساس محرومی کا خاتمہ کرے۔