شہدائے آزادی کی قربانیوں کے نتیجے میں ہم آزاد و خود مختار ملک میں جی رہے ہیں، اسفندیار ولی خان

بدقسمتی سے اس ملک میں دہشت گردی کی وجہ سے قربانیوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے،پختونوں کے قتل عام کے اندوہناک واقعات تاریخ کا سیاہ ترین باب بن چکے ہیں،،،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان

بدھ 30 مئی 2018 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے جنگ آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم آزاد اور خودمختار ملک میں جی رہے ہیں ،لیکن بدقسمتی سے اس ملک میں دہشت گردی کی وجہ سے قربانیوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے اور عوامی نیشنل پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جنگ آزادی کی جنگ ہو یا ملک کی بقاء اور سلامتی کا تحفظ ہو ، ہمیشہ اے این پی کے ورکروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

شہداء بازار کلاں کی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میںاسفندیار ولی خان نے کہا کہ ان شہداء کی لازوال قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر ہم نے اپنے عوام کیلئے وہ حقوق حاصل کئے جس کا پہلے صرف تصور ہی کیا جا سکتا تھا جن میں صوبے کا تاریخی نام، متفقہ این ایف سی ایوارڈ،پن بجلی منافع اور 18ویں ترمیم کی شکل میں مکمل صوبائی خود مختاری کا حصول شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ بازار کلاں اور قصہ خوانی بازار میں پختونوں کے حقوق کیلئے پرامن مظاہرہ کرنے والے معصوم اور بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے اندوہناک واقعات تاریخ کا سیاہ ترین باب بن چکے ہیں اور پختونوں کی ہر نسل ہر عہد میں اس کی مذمت کرتی رہے گی،انہوں نے کہا کہ 1930میں آج ہی کے روز بازار کلاں میں خدائی خدمتگاروں کے پر امن احتجاجی جلوس پر اچانک گولیوں کی بوچھاڑکردی گئی تھی جس کے نتیجے میں سینکڑوں خدائی خدمتگار شہید ہو گئے،انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے آزادی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قوم کی بقاء اور سلامتی کیلئے آئندہ بھی اپنی جانیں نچھاور کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔