نادہندہ اداروں اور صارفین کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے،حوصلہ شکنی وقت کا تقاضا ہے ، باسط زمان احمد

بدھ 30 مئی 2018 22:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) آئیسکوکے سی ای او باسط زمان احمد نے کہا ہے کہ نادہندہ اداروں اور صارفین کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے جس کی حوصلہ شکنی وقت کا تقاضا ہے ، بجلی بل کی عدم ادائیگی پر قانون سب کیلئے یکساں ہے اوراس ضمن میں کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو ) کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلز کے مطابق آئیسکو چیف باسط زمان احمد نے فیلڈ افسران خصوصاًً ریکوری سے متعلقہ افسران و عملہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہر اس ادارے اور صارف کی بجلی منقطع کر دی جائے جو بل نہیں ادا کرتے ، کسی کو یہ حق حاصل نہیںہے کہ وہ بجلی تو استعمال کرے مگر اپنے ذمے واجبات کی ادائیگی نہ کرے، قانون سب کے لئے برابر ہے ، ادارے کے پاس پیسے ہونگے تو صارفین تک بجلی پہنچائی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

آئیسکو چیف نے اس ضمن میں فیلڈ افسران کو کہا ہے کہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے میکنزم کو فعال اور اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے ، نادہندہ اداروں اور صارفین سے 100فی صد سے کم ریکوری کسی صورت قابل قبول نہیں ،نادہندگان کے بجلی کنکشن اس وقت تک بحال نہ کئے جائیں جب تک ان کے ذمے تمام واجبات وصول نہ کر لئے جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دبائو ہر گز برداشت نہ کیا جائے ۔ آئیسکو چیف نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ اپنے ذمے واجبات کی جلد سے جلد ادائیگی کو یقینی بنائیں کیونکہ اسی صورت میں ادارہ انہیں بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :