قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ کی زیرصدارت ڈویژن کے مشاورتی بورڈ کااجلاس

سیکرٹری قومی سلامتی ڈویژن نے ادارہ کے کردار اور کام کے نمایاں پہلوئوں بارے بریف کیا اور مختلف درپیش مسائل کی تفصیلات بتائیں

بدھ 30 مئی 2018 22:08

قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ کی زیرصدارت ڈویژن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ نے بدھ کو قومی سلامتی ڈویژن کے مشاورتی بورڈ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی۔ اپنے ابتدائی کلمات میں قومی سلامتی کے مشیر نے تمام شرکاء کا خیر مقدم کیا اور ان سے کہا کہ ملک کی سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے سلسلہ میں اپنی اپنی معلومات دیں سیکرٹری قومی سلامتی ڈویژن نے ادارہ کے کردار اور کام کے نمایاں پہلوئوں کے بارے میں بریف کیا اور مختلف درپیش ان مسائل کی تفصیلات بتائیں جو کہ ایڈوائزری بورڈ کے افتتاحی اجلاس کے بعد سے قومی سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور آئے تھے۔

اجلاس میں پاکستان کے امریکہ ، بھارت، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے بارے میں سلامتی و خارجہ امور بارے موقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں افغان صدر اشرف غنی کی طالبان کو مذاکرات کیلئے کی گئی پیشکش پر بھی غور و خوض کیا گیا۔قومی سلامتی کے مشیر نے اراکین کی طرف سے دیئے گئے ان پٹ کو سراہا اور کہا کہ ایڈوائزری بورڈ کی سفارشات سکیورٹی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی شروعات میں معاون ہوں گی۔اجلاس میں قومی سلامتی ڈویژن کے سیکرٹری افتخار حسین بابر کے علاوہ سابق سیکرٹری خارجہ ریاض حسین کھوکھر ، میجر جنرل (ر) خالد عامر جعفری( سی جی اسی ایس ) دائریکٹر جنرل آئی ایس اسی آر اے میجر جنرل محمد ثمریز سالک اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔