پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ناقابل علاج امراض میں مبتلا مریضوں اور انتہائی ضعیف افراد کا علاج منقطع اور ڈاکٹر کی مدد سے خود کشی کے کسی بھی قانون کی مذمت کرتی ہے

بدھ 30 مئی 2018 22:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ناقابل علاج امراض میں مبتلا مریضوں اور انتہائی ضعیف افراد کا علاج منقطع کرنے اور ڈاکٹر کی مدد سے خود کشی(Euthanasia) کے کسی بھی قانون کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ اس بات کا اظہار پی ایم اے کے مرکزی صدر پروفیسرد اشرف نظامی، ڈاکٹر قیصر سجاد سیکریٹری جنرل اور ڈاکٹر طلحہ شیروانی مرکزی جوائنٹ سیکریٹری نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

عہدیداران نے مزید کہا کہ ڈاکٹر انسان دوست پیشہ ہے اور اس کا کام زندگی بچانا ہے نہ کہ زندگی لینا۔

(جاری ہے)

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ہمیشہ اس طرح کے غیر طبعی قانون کی مخالفت کی ہے ۔ پی ایم اے نے ایشیئن میڈیکل ایسوسی ایشن اور ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن کے فورم پر بھی ایسے کسی بھی قانون کی مخالفت کی ہے اور اسے قدرت کے کام میں مداخلت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے پرتگال کی پارلیمنٹ کی طرف سے لا علاج ا مراض میں مبتلا مریضوں کو ڈاکٹر کی مدد سے خودکشی کرنے کے بل کو مسترد کرنے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔واضح رہے کہ بلجئیم اور ہالینڈ کی طرف سے ایسی قانون سازی کی جا چکی ہے جس میں ایسے لا علاج مریضوں کو ڈاکٹر کی مدد سے خودکشی کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔