وفاقی حکومت کااپنی آئینی مدت ختم ہونے سے صرف ایک روز قبل اراکین پارلیمنٹ کے لیے نئی مراعات کا اعلان

قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کیلئے ماہانہ اعزازیہ 11 ہزار7 سوروپے سے بڑھا کر25 ہزارروپے ماہانہ کردیا گیا

جمعرات 31 مئی 2018 16:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) وفاقی حکومت نے اپنی آئینی مدت ختم ہونے سے صرف ایک روز قبل اراکین پارلیمنٹ کے لیے نئی مراعات کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومت ختم ہونے سے قبل اراکین پارلیمنٹ کے لیے نئی مراعات کا اعلان کردیا گیا۔ جس کے تحت ارکان پارلیمنٹ کے اندرون ملک صرف پی آئی اے کے ذریعے سرکاری خرچ پر سفر کی پابندی ختم کردی گئی ہے اور اب اراکین پارلیمنٹ آئندہ کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سرکاری خرچ پر سفر کرسکیں گے جب کہ سابق اراکین اسمبلی اوران کی بیگمات کو بلیو پاسپورٹ حاصل کرنے کا اہل قرار دے دیا گیا ہے۔

موجودہ و سابق اراکین اسمبلی کو گریڈ 22 کے سرکاری افسرکے برابر طبی سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں گی، قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کیلئے ماہانہ اعزازیہ 11 ہزار7 سوروپے سے بڑھا کر25 ہزارروپے ماہانہ کردیا گیا، آئندہ سابق چیئرمین و اسپیکرز کو بھی اضافی مراعات ملا کریں گی۔

(جاری ہے)

ترمیمی فنانس بل 2018 میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں و الاؤنسزکے ایکٹ 1974 میں ترامیم شامل ہیں، فنانس ایکٹ کے ذریعے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں و الاؤنسزمیں اضافہ یکم جولائی سے لاگو ہوجائے گا، اراکین پارلیمنٹ کیلئے 90 ہزارروپے مالیت تک کے ریٹرن ٹکٹس کی تعداد 20 سے بڑھا کر25 کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :