سرگودھا،انتظامیہ کی کمزور گرفت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں

حکومتی رٹ کا قیام چیلنج بن کر رہ گیا

جمعرات 31 مئی 2018 20:02

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) انتظامیہ کی کمزور گرفت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں، بین الاضلاعی اور انٹر سٹی کرایوں میں تیس فیصد تک از خود اضافہ ، پرائیویٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں میں دی گئی خیرات کے پیسے مسافروں سے وصول کئے جانے لگے،جبکہ حکومتی رٹ کا قیام چیلنج بن کر رہ گیاہے،ذرائع کے مطابق چیک اینڈ بیلنس کا فقدان جہاں ٹرانسپورٹرز کا حوصلہ بڑھا رہا ہے وہاں پرائیویٹ پارٹنر شپ میں پیسا لگانے والے ٹرانسپورٹرز سے کسی قسم کی کوئی باز پرس نہیں، جو کہ دی گئی خیرات کے پیسے کرایوں میں اضافہ کر کے وصول کرنے میں مصروف ہیں، راولپنڈی چھ سو روپے اور لاہور کا کرایہ ساڑھے چار سو روپے سے تجاوز کر گیا اسی طرح دیگر شہروں کو چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایے پھر سے 30فیصد تک بڑھا دیئے گئے ہیں، ستم ظریفی یہ ہے کہ پرائیویٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں میں انتظامیہ کی معاونت کرنے کی بناء پر انہیں لوٹ مار کی کھلم کھلا اجازت ہے ، یہی نہیں ریفرشمنٹ اور سہولیات کے نام پر الگ سے شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے ، کرایوں میں بلا جواز اضافہ پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ٹرانسپورت عملے سے الجھنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو ذلیل و خوار کرنا معمول بنتا جا رہا ہے ، ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ انتظامیہ نے سرکاری کرایہ ناموں پر ابھی تک نظر ثانی نہیں کی، جس کے باعث خود سے کرایے بڑھانا پڑے ، جبکہ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہٹ دھرمی اور ان کے عملہ کا رویہ ناقابل برداشت ہے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نوٹس لیں۔