پارلیمنٹ کی پوری مدت قابل تحسین ،جمہوریت مخالف قوتوں کے لئے پیغام ہے، پیر اعجاز ہاشمی

گذشتہ دو سول حکومتوں کا فوجی چھتری کے بغیر مدت پوری کرنا سیاسی بلوغت کی طرف پیش قدمی ہے

جمعرات 31 مئی 2018 20:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پارلیمنٹ کا پانچ سالہ مدت پوری کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سیاسی بلوغت کی طرف بڑھ رہا ہے۔جو کہ قابل تحسین عمل اورجمہوریت مخالف قوتوں کے لئے پیغام بھی ہے۔ یہ جمہوریت ہی کا سبق ہے کہ اداروں کا احترام کیا جائے۔

اگرادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو جمہوریت مضبوط اور معیشت توانا ہوگی۔اگر دھرنا گروپ طویل عرصہ دھرنے پر بیٹھ کر قوم کا وقت ضائع نہ کرتا تو ملک میں معاشی خوشحالی اور پارلیمنٹ مزید مضبوط نظر آتی۔ نامساعد حالات کے باوجود پارلیمنٹ کا مدت پوری کرنا قومی وقار اور فخر کی بات ہونے کے ساتھ غیر مرئی قوتوں کے لئے بھی پیغام ہے کہ پاکستان کے لوگ جمہوریت کے شیدائی ہیں، جو وفاقی پارلیمانی طرز حکومت کو چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اور خود فیصلے کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ گذشتہ دو سول حکومتوں کا فوجی چھتری کے بغیر مدت پوری کرنا سیاسی بلوغت کی طرف پیش قدمی اور قومی فخر ہے۔ جس کا کریڈٹ جمہوری قوتوں کو جاتا ہے اور باقی اداروں کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔ کہ ماضی کے تلخ حقائق دوبارہ نہیں دوہرائے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے کون لوگ ہیں۔

ایسے لوگ جنہوں نے آمریت کی چھتری کے نیچے پناہ لی اور ان کے گملوں میں پلے بڑھے ہیں، ان سے جمہوریت کے حق میں کوئی بات سننے کو نہیں ملے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ سیاست عبادت اور شائستگی کا نام ہے، مگر سیاستدانوں کی صفوں میں کچھ کالی بھیڑوں نے اس مقدس پیشے کو بدنام کیا ہے۔ امور مملکت چلانے میں جو کوئی بھی کردار کو اداکرنا چاہتا ہے ،انہیں شائستگی کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔ ایک پارٹی کا سربراہ اپنی بدکلامی اور گالی گلوچ کے باعث مشہورہے، جس نے سیاست میں کچھ بدعتیں شروع کروائی ہیں۔اور وہ اختلاف رائے رکھنے والے کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرتا ہے، جوکہ افسوسناک ہے۔