عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،انسانی صحت سے کھیلنا ایک گھناونا رم ہے، ذیشان محسود و دیگر

جمعرات 31 مئی 2018 22:50

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) عوام کی صحت سے کھیلنے والی بیکریوں،قصابوں، دودھ فروشوں،ہوٹل مالکان کو نکیل ڈالنے کا وقت آگیا، خیبر پختونخوافوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی مردان کی بیکریوں میں صفائی کی ناقص صورتحال اور زائدالمیعاد اشیاء خورد ونوش کے خلاف کارروائی جاری ہیں رمضان المبارک میں رات کو بھی چھاپے مارے جارہے ہیں عوام نے سکھ کا سانس لیا، عوامی حلقوں کی طرف سے اتھارٹی کے حکام اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک عرصے سے بیکریوں میں ناقص اور کیمیکل زدہ مٹھائیاں بنائی جارہی تھی اسی طرح کیمیکل ملا قیمہ سر عام فروخت کیا جاتا تھا،دودھ فروشوں نے بھی عوام کی ناک میں دم کردیا تھا ہوٹلوں میں صفائی کی انتہائی ناقص صورت حال تھی گرمیوں کے موسم میں ناقص اور مضر صحت مشروبات عام ہوجاتی جس سے ایک طرف عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہاتھا تو دوسری طرف ناقص مٹھائیوں،کیمیکل ملے قیمے اور لاغر اور بیمار جانوروں کے گوشت اور ناقص دودھ کے ذریعے عوام کی صحت سے کھیلا جارہا تھا اور لوگوں میں قسم قسم کی بیماریاں پھیل رہی تھیں اس دوران عوام کی شکایات پر سرکاری ادارے محکمہ صحت،محکمہ فوڈ،ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے کارروائیاں کرتے تھے لیکن ان کارروائیوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلتا تھا اور متاثرہ دکاندار چند سو روپے جرمانہ ادا کرکے پھر وہ دھندہ کرنے لگتا لیکن خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے قیام سے حالات نے کروٹ لی اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کا ہاتھ روکا جارہا ہے اور ایسے لوگوں کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں جن کے خلاف ماضی میں حکام کارروائی کرتے ہوئے کتراتے تھے اس سلسلے میں خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن ذیشان محسود،اسسٹنٹ ڈائریکٹررخسار علی، فوڈ سیفٹی آفیسروں روقیہ نواز،شفیق احمد اور وقاص محمود نے میڈیا کے نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیوں کہ انسانی صحت سے کھیلنا ایک گھناونا جرم ہے جس کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام میں شعور اجاگرکرنے کی ضرورت ہے اور عوام کے تعاون سے ہی اس مافیا سے چھٹکارہ مل سکتا ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم کسی کے دبائو میں نہیں آئیں گے اور ہماری کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی ۔