مسلم لیگ ن کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کے دل جیت لئے ہیں، حناء ارشد وڑائچ

جمعرات 31 مئی 2018 22:59

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) چیئر پرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں اربوں روپے کی لاگت سے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کے دل جیت لئے ہیں۔حکومتی آئینی مدت کی تکمیل عوامی اعتماد کی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں یونین کونسلوں کے چئیرمینوں، وائس چیئرمینوں اور بلدیاتی نمائندوں کو دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر دوران خطاب کیا۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ، وائس چیئرمین ضلع کونسل سیالکوٹ چوہدری رضا سبحانی، ملک ضیافت علی اور چوہدری جمیل اشرف بریار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئر پرسن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلم لیگ ن کی سیاسی مقبولیت میں بہت اضافہ ہو رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ ن لیگ کی سیاسی مقبولیت کا گراف تیزی سے اوپر جا رہا ہے جس سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے دور حکومت میں تمام وعدے پورے کئے ہیں۔ اب 2018کے عام انتخابات بھی اپنی بے مثال کارکردگی کی بنیاد پر ن لیگ ہی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔