سی پیک منصوبہ کے باعث پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ملک ہے ‘عارف قاسم

سی پیک گیم چینجر منصوبہ، ملک کو معاشی سطح پر مستحکم کریگا‘سابق صدربورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ

جمعہ 1 جون 2018 13:24

سی پیک منصوبہ کے باعث پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ملک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) تاجر رہنما سابق صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے کہا ہے کہ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے جو ملک کو معاشی سطح پر مستحکم اور ملک کو خوشحالی وترقی کی راہوں پر گامزن کرے گا،سی پیک منصوبہ سے ملک میں سرمایہ کاری 100ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے ملک بھر میں نئی انڈسٹریز کا قیام اور صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عارف قاسم نے ملک میں سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی پیکیج کے تحت ڈیوٹی و ٹیکسوں میں خصوصی رعایت سمیت دیگر مراعات دینے کے اصولی فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکیج سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سی پیک صنعتی زونز میں صنعتوں کے قیام کے لیے پاکستانی،چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات کی فراہمی اور نئی صنعتوں کے قیام کے لیے خام مال اور پلانٹس و مشینری و دیگر آلات پر سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات ایسے اقدامات ہیں جن سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ ملکی سرمایہ کاربھی فائدہ اٹھائیں گے اور ملکی صنعتیں بھی ترقی کرینگی۔