چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کا خداداد کالونی کا بلدیاتی خدمات کے حوالے سے تفصیلی دورہ

جمعہ 1 جون 2018 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کرنیکیلئے یوسی کی سطح پر اقدامات سرانجام دئیے جا رہے ہیں ، اس سلسلے میں بلدیاتی نمائندگان اور علاقہ مکینوں کی مشاورت کو اہمیت دی جا رہی ہے، خدمات کی فراہمی کیلئے وسائل کی ضرورت کے مطابق فراہمی ناگزیر ہو چکی ہے، سیوریج مسائل حل کرتے کرتے تھک چکے ہیں اب متعلقہ محکمہ جات کو اپنے کام سر انجام دینے کیلئے پابند کیا جائے یا ڈی ایم سیز کو فنڈنگ کا فارمولا طے کر کے شہری مفادات کے پیش نظر رقم فراہم کی جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 11 خداداد کالونی کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر اور علاقہ مکینوں کے ہمراہ علاقے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علاقہ مکینوں کی شکایات کے حل کیلئے بلدیہ شرقی کی جانب سے بیک وقت نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب، سڑکوں کی استرکاری و دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں ، چیئرمین معید انور نے اس موقع پر متعلقہ افسران کوہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اس سلسلے میں علاقہ مکینوں نے جو مسائل پیش کئے ہیں، انہیں سامنے رکھتے ہوئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں ، ہمارا مقصد طویل المعیاد بنیادوں پر عوام کو سہولیات مہیا کرنا ہے، انہوں نے اس موقع پر ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار کا خصوصی خیال رکھا جائے ، ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے چھ مہینوں کے بعد اس جگہ کا دورہ کرکے جائزہ لیا جائیگا انہوں نے علاقہ مکینوں کے ہمراہ دورے میں تجاوزات کے خاتمے اور روشنی کے حوالے سے بھی اقدامات کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک و آخری عشرے میں سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں بالخصوص اہم و ذیلی شاہراہوں اور مساجد کے اطراف لائیٹس کی تنصیب و درستگی سمیت دیگر بلدیاتی خدمات کو یقینی یقینی بنایا جائے علاوہ ازیں علاقے میں صفائی و ستھرائی یقینی بنانے اور ملبہ اٹھانے کے بھی ہدایات دی گئیں۔