شفاف اور غیر جاندار انتخابات کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے، میاں افتخار حسین

ْ کالعدم تنظیموں کی سیاسی میدان میں سرگرمیاں جاری ہیں اور وہ کسی بھی قیمت پر پارلیمنٹ تک رسائی چاہتی ہیں تا کہ اس ملک پر قبضہ کیا جا سکے ، ایسے میں اس خطرناک کھیل کو روکنے کیلئے ٹھوس اور بروقت اقدامات کرنا ہونگے، بیان

جمعہ 1 جون 2018 22:34

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات بہر صورت اپنی نگرانی میں اور بروقت کرانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور جہاں کہیں بھی سیکورٹی کی ضرورت ہو وہاں سیکورٹی بلانے کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کے پاس ہونا چاہئے ، شفاف اور غیر جاندار انتخابات کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کی سیاسی میدان میں سرگرمیاں جاری ہیں اور وہ کسی بھی قیمت پر پارلیمنٹ تک رسائی چاہتی ہیں تا کہ اس ملک پر قبضہ کیا جا سکے ، ایسے میں اس خطرناک کھیل کو روکنے کیلئے ٹھوس اور بروقت اقدامات کرنا ہونگے ، اور اے این پی بار ہا اس اہم ایشو پر متنبہ کرتی آ رہی ہے،میاں افتخار حسین نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں اس بات پر متفقہ فیصلہ ہوا تھا کہ نام بدل کر سیاسی میدان میں اترنے والی کالعدم تنظیموں کا راستہ روکا جائے گا،تاہم ابھی تک اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آ رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو پر امن انتخابی ماحول فراہم کرنے کا پابند ہے ،انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میںعوامی نیشنل پارٹی کا راستہ روکا گیا اور اسے دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی جس پر اس وقت الیکشن کمیشن کو اگاہ بھی کیا گیا لیکن اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا حالانکہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو پر امن انتخابی ماحول فراہم کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،میاں افتخارحسین نے مزید کہا کہ انتخابات بہرصورت وقت پر ہونے چاہئیںاور مختلف حوالوں سے کی جانے والی التوا کی کوششوں سے بروقت انتخابات کے انعقاد پر اثر نہیں پڑنا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق صرف سیاسی جماعتوں اور امیدواروں پر لاگو ہوتا ہے، انہوں نے زور دیا کہ انتظامیہ اور عملے کے ارکان کیلئے بھی ضابطہ اخلاق ہونا چاہئے تاکہ انہیں پابند رکھ کر شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخبات ملک کیلئے انتہائی اہم ہیں اور ایسے میں میڈیا کو بھی غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو مناسب کوریج دینی چاہئے۔