ْ آئی جی موٹروے پولیس کی ہدایات پر قومی شاہرائوں اور موٹروے پر 126مقامات پربلیک سپاٹس کی نشاندہی

شاہرائوں پر ٹریفک حادثات کنٹرول کرنے کے لئے بلیک سپاٹ کاخاتمہ ضروری ہے، حادثات سے پاک معاشرے کا فروغ موٹروے پولیس کا نصب العین ہے،آئی جی موٹروے پولیس امجد جاوید سلیمی

جمعہ 1 جون 2018 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس امجد جاوید سلیمی کے خصوصی ہدایات پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ٹریفک حادثات پر قابو پانے کیلئے تمام زونز میں بلیک سپاٹ کی نشاندہی کیلئے خصوصی سروے کروایا، بلیک سپاٹ روڈ کا وہ حصہ ہوتا ہے، جہاں پر اکثر و بیشتر ٹریفک حادثات رونما ہوں ، متوازی سڑک پر اچانک مڑنے کی جگہ یا کونے، تیزرفتار سڑک پر پوشیدہ جنکشن، سڑک پر خطرات سے آگاہی کیلئے مناسب سائن بورڈ کا آویزاں نہ ہونابلیک سپاٹ کے زمرے میں آتے ہیں۔

نیشنل ہا ئی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سروے کے مطابق سڑک کی بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی اور سڑک پر حادثات کو کم کرنے سے متعلق قومی شاہرائوں اور موٹرو ے کے 126مقامات پربلیک سپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سروے کے مطابق موٹروے پر22 مقامات پربلیک سپاٹس، نارتھ زون پشاور سے لاہور تک قومی شاہراہ پر20 مقامات پربلیک سپاٹس، سینٹرل زون لاہور سے رحیم یار خان قومی شاہراہ پر 24 مقامات پربلیک سپاٹس،سائوتھ زون رحیم یار خان سے کراچی تک 45 بلیک سپاٹس جبکہ ویسٹ زون کوئٹہ میں 15مقامات پربلیک سپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے بلیک سپاٹس پر رونما ہونے ٹریفک حادثات پرقابو پانے اور قیمتی انسانی جانوںکے ضیاع سے بچنے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ حکام کو آگاہ حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ انسپکٹرجنرل امجد جاوید سلیمی نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے زونل کمانڈرز کو خصوصی ہدایا ت بھی جاری کیں ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ زون میں نیشنل ہائی اتھارٹی کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے مذکورہ بلیک سپاٹس کو درست کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

انسپکٹر جنرل ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس امجد جاوید سلیمی نے کہاکہ شاہرائوں پر ٹریفک حادثات کنٹرول کرنے کیلئے بلیک سپاٹ کاخاتمہ ضروری ہے اور حادثات سے پاک معاشرے کا فروغ موٹروے پولیس کا نصب العین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی تفریق سے بالا تر قانون کا یکساں نفاذ ، رکاوٹوں سے پاک ٹریفک، جدید اور بروقت امدادی سہولیات کی فوری فراہمی موٹروے پولیس کا طرہ امیتازہے۔