نگراں وزیراعظم کی لاہورہائیکورٹ کےفیصلےکیخلاف اپیل کی ہدایت

اٹارنی جنرل آفس کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت، اپیل دائر کرنے کا مقصد انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنانا ہے، نگراں وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 جون 2018 17:44

نگراں وزیراعظم کی لاہورہائیکورٹ کےفیصلےکیخلاف اپیل کی ہدایت
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 جون 2018ء) : نگراں وزیراعظم جسٹس(ر)ناصر الملک نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کی ہدایت کردی ہے، اپیل دائر کرنے کامقصد انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنانا ہے، نگراں وزیراعظم نے اٹارنی جنرل آفس کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نگراں وزیراعظم جسٹس(ر)ناصر الملک نے الیکشن میں تاخیرکی افواہوں کا نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن مقررہ مدت میں ہی ہونے چاہئیں ۔

جس کیلئے لاہورہائیکورٹ کے کاغذات نامزدگی کالعدم قراردیے جانے کے فیصلے کیخلاف عدالت میں فوری اپیل دائر کی جائے ۔نگراں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کا مقصد الیکشن کا مقررہ مدت میں انعقاد یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اٹارنی جنرل آفس کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔واضح رہے لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز اپنے فیصلے میں پارلیمنٹ کے منظوری کردہ کاغذات نامزدگی فارم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا کہ الیکشن کمیشن فوری aپنی مرضی کے مطابق فارم میں تبدیلی کرے۔

نئے فارم میں آئین کے آرٹیکل 62، 63کے تقاضے دوبارہ شامل کیے جائیں۔پارلیمنٹ کے تیار کردہ کاغذات نامزدگی آئین سے متصادم ہیں۔عدالت نے قراردیا کہ غیرملکی آمدن اور زیرکفالت افراد کی آمدن چھپانے کا اقدام کالعدم قرار دے دیا۔اسی طرح عدالت نے قرض نادہندگی، یوٹیلیٹی ڈیفالٹ اور پاسپورٹ چھپانے کا اقدام بھی کالعدم قرار دے دیا گیا۔عدالت نے فیصلہ دیا کہ فوجداری مقدمات میں ملوث افراد الیکشن نہیں لڑسکتے۔

اسی طرح ٹیکس نادہندہ اور دہری شہریت والے امیدوار الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ جس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز، سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کاغذات نامزدگی پرلاہورہائیکورٹ کے فیصلے اوربلوچستان میں الیکشن کے التواء کی قرار دار کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن نے لاہورہائیکورٹ اوربلوچستان کے فیصلوں کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نذیرنے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب امیدواروں سے3 اور4 جون کو کاغذات نامزدگی وصول نہیں کریں گے۔ تاہم عام انتخابات کا انعقاد25 جولائی کوہی ہوگا۔