صوابی، اسسٹنٹ کمشنرکی گاڑی نے دو موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماردی، دو سگے بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق، ایک زخمی

حادثے کا شکار والی گاڑی میرابھائی چلا رہا تھا ،خود دوسری گاڑی میں تھا ، میرا بھائی بھی زخمی ہوا ہے، اسسٹنٹ کمشنر قیصر خان

ہفتہ 2 جون 2018 20:57

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) صوابی میں اسسٹنٹ کمشنر قیصر خان کی گاڑی کی دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ،اسسٹنٹ کمشنر قیصر خان نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میرابھائی چلا رہا تھا ،میں خود دوسری گاڑی میں سوار تھا ، حادثے میں میرا بھائی بھی زخمی ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر قیصر خان اپنے گھر جارہے تھے، لیکن جونہی وہ منصبدار کے مقام پر پہنچے تو مخالف سمت سے آتی دو موٹر سائیکلوں پر ان کی گاڑی چڑھ دوڑی۔حادثے کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ موٹرسائیکل پر موجود ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے مردان میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر قیصر خان کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی ان کا بھائی چلا رہا تھا، جبکہ وہ خود دوسری گاڑی میں سوار تھے، حادثے میں ان کا بھائی بھی زخمی ہوا ہے۔