کوہسار فیز ون میں محمد نعیم راجپوت کے گھر میں کی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی ایف آئی آر درج نہ ہوسکی

ہفتہ 2 جون 2018 22:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) کوہسار فیز ون میں محمد نعیم راجپوت کے گھر میں کی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی ائیرپورٹ پولیس نے نہ تو اب تک ایف آئی آر درج کی ہے اور نہ ہی ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کوئی جدوجہد کررہی ہے۔ گزشتہ دنوں کوہسار فیز ون بنگلہ نمبرB-38 میں محمد نعیم راجپوت کے بند گھر میں نامعلوم ملزمان نے داخل ہوکر ایک لاکھ 80ہزار روپے مالیت کے طلائی سیٹ ،6لاکھ روپے مالیت کی طلائی چوڑیاں، لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے ، باتھ روم اور سینی ٹیشن کا سامان، الیکٹرونکس کا سامان سمیت دیگر قیمتی سامان چوری کرلیا تھا جس کی ایف آئی آر درج کرانے کیلئے جب نعیم راجپوت کے بھائی نسیم السحر ائیرپورٹ تھانے پہنچے تو کئی روز تک پولیس مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے ٹال مٹول کرتی رہی اور 19مئی کو صرف رپورٹ درج کی گئی اس وقت سے اب تک نہ تو ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور نہ ہی پولیس نے کسی بھی ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

بلکہ پولیس متاثرہ افراد ہی پر دباؤ ڈال رہی ہے ۔ واضح رہے کہ انجینئر محمد نعیم راجپوت جوکہ ان دنوں حویلیاں بہادر شاہ پاور پلانٹ میں سینئر ایڈوائزر ہیں ان کی غیر موجودگی میں ان کے بنگلے میں نامعلوم ملزمان نے داخل ہوکر پورے گھر کا صفایا کردیا ، قیمتی سامان حد کہ سینیٹری کا سامان بھی نکال کر لے گئے لیکن پولیس متاثرہ افراد کے ساتھ تعاون کرنے کے بجائے انہیں پریشان کررہی ہے۔