راولپنڈی، حالیہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کے ساتھ حکومت نے تنخواہیں اور الائونسز میں معمولی اضافہ کر کے ملازم دشمنی کا مظاہرہ کیا ،ایپکا

ہفتہ 2 جون 2018 22:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) حالیہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کے ساتھ حکومت نے تنخواہیں اور الائونسز میں معمولی اضافہ کر کے ملازم دشمنی کا مظاہرہ کیا اسی طرح اضافی تنخواہوں میں بھی وفاقی ملازمین سمیت تمام ملازمین کے ساتھ دشمنی کا مظاہرہ کیا آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے قائدین شہزاد کیانی، چوہدری ظفر علی بلو، ملک عدالت حسین ، قائم مقام ضلعی صدر نذیرزادہ خان اور راجہ آفتاب احمد نے گزشتہ روزایپکا کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایپکاکے مرکزی سیکریٹری جنرل چوہدری خالد جاوید سنگھیڑا نے مرکزی صدر بنارس خان جدون کی ہدایت پر مرکزی و تمام صوبائی حکومتوں سے تحریری طور پر مطالبہ کیا ہے کہ تمام ملازمین کو تین اضافی تنخواہوں کے برابر بونس دیا جائے اس وقت سرکاری ملازمین کسمپرسی کے عالم میں ہیں آئے روز اشیائے ضروریہ اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے جسم وجان کا رشتہ برقرار رکھنا دشوار ہو چکا ہے چھوٹے ملازمین کے بچے فاقوں پر مجبور ہیں کرایہ مکان دیں ساتھ یوٹیلٹی بلز ادا ہوں تو کھانے کے لیے کچھ نہیں بچتا جن گھروں میں چار بچے اور میاں بیوی ہیں ان کا بجٹ کوئی ماہر اقصادیات نہیں بنا سکتامیڈیکل پر اٹھنے والے اخراجات یا مہمانداری اور والدین کے ساتھ اخراجات الگ ہیں لہٰذاہم مطالبہ کرتے ہیںکہ تمام صوبائی ملازمین کو بھی وفاقی ملازمین کے برابر مراعات دی جائیں اور سیکریٹریٹ طرز پر یوٹیلٹی الائونس و دیگر مالی مرعات کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے علاوہ ازیں ماہ جون میں عیدالفطر ہو گی جس میں چھوٹے ملازمین کی خوشیوں کو ملحوظ خاطر رکتے ہوئے عید بونس کا بھی اعلان کیا جائے لہٰذا وزیرِاعظم پاکستان اور تمام صوبائی وزرائِ اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی ملازمین سمیت پاکستان بھر کے تمام ملازمین بالخصوص گریڈ ایک تا 17 کو بھی 3 اضافی تنخواہوں کا بونس دیا جائے۔