کمبوڈیا کی سب سے بڑی حزبِ مخالف جماعت کا جاپانی حکومت سے جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کی معاونت روکنے کا مطالبہ

اتوار 3 جون 2018 11:30

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) کمبوڈیا کی سب سے بڑی حزبِ مخالف جماعت کے حامیوں نے جاپانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کی معاونت روک دے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمبوڈیا نیشنل ریسکیو پارٹی کے تقریباً سو حامیوں نے نیویارک میں وزیرِاعظم ہٴْن سین کی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

کمبوڈیا کی عدالت کی جانب سے اس جماعت کو گزشتہ نومبر میں کالعدم قرار دینے کے بعد جماعت کے کئی رکن کمبوڈیا سے فرار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اٴْن کا کہنا ہے کہ بیرونی ممالک سے خود کو بطور انتخابی امیدوار رجسٹر کرانے کی انکی کوششیں مسترد کی جا چکی ہیں۔مظاہرین نے ایک بینر اٹھا رکھا تھا جس پر لکھا تھا کہ کمبوڈیا کی جمہوریت جعلی ہے، اور وہ نعرے لگا رہے تھے کہ جاپان اس مطلق العنان حکومت کی امداد بند کرے۔

مظاہرین اقوام متحدہ میں جاپانی سفارتی مشن گئے اور ایک پٹیشن جمع کرائی جس میں جاپان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انتخابات کے لیے اپنی امداد واپس لے۔مذکورہ سیاسی جماعت کے قید رہنما کیم سوکھا کی بیٹی نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں جاپان، کمبوڈیا میں اظہارِ رائے کی آزادی بحال کرائے۔امریکا اور یورپی یونین پہلے ہی کمبوڈیا کے الیکشن کے لیے اپنی امداد روک چکے ہیں۔