قرضوں کا حجم آئی ایم ایف بیل آ ئوٹ پیکیج کی گھنٹیاں بجارہا ہے‘ خواجہ حبیب

ایکسپورٹ بڑ ھانے سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھے جاسکتے ہیں،نگران حکومت ازسر نو پالیسی مرتب کرے گزشتہ پانچ سالوں میں حکومت معیشت کے استحکام سے زیادہ آئی ایم ایف کو خوش کر نے میں لگی رہی‘وفو د سے گفتگو

اتوار 3 جون 2018 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) ایران پاک فیڈریشن آ ف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی صورتحال خطرناک ہے ، مالی مشکلات کے پیش نظر آئندہ مالی سال پاکستان کو9 ارب ڈالر سے زائد غیر ملکی قرضہ لینا پڑے گا، نگران حکومت اقتصادی آتش فشاں کو پھٹنے سے روکنے کیلئے ازسر نو پالیسی مرتب کر ے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تاجروں تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بیرونی قرض اور واجبات بڑھ کر 92ارب ڈالر ہوچکے ہیں،قرضوں کا حجم آئی ایم ایف بیل آ ئوٹ پیکیج کی گھنٹیاں بجارہا ہے ، زرمبادلہ کے ذخائر بھی تین سال کی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں، گرتے ذخائر کے سبب روپے کی قدر دو مرتبہ کم ہو چکی ہے، بیرونی قرضوں اور سرکاری مد میں28کروڑ64لاکھ ڈالر کی بھاری ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ ذخائر میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پانچ سالوں میں (ن) لیگ کی حکومت معیشت کے استحکام سے زیادہ آئی ایم ایف کو خوش کر نے میں لگی رہی جس کی وجہ سے پانچ سال کے دوران روپے کی قدر میں بیس فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ڈالر119 روپے پر پہنچ گیا،(ن) لیگ کے پانچ سال جہاں معیشت کے دیگر شعبوں پر بھاری گزرے وہیں پاکستانی کرنسی کی وقعت بھی کم ہوگئی۔ انہوںنے مزید کہا کہ روپے کی بے قدری کے باعث درآمدی خام مال کی قیمت بڑھ چکی ہے جس کی وجہ سے ملک کے اندر تیارہونے والی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں مہنگائی بھی بڑھتی جا رہی ہے،ایکسپورٹ بڑ ھانے سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھے جاسکتے ہیں ، ریفنڈ کی ادائیگی کیلئے خودکار نظام نہ بنایا گیا تو ایکسپورٹ سیکٹر ریفنڈز کے بوجھ تلے دب کر تباہ ہو جائے گا۔