ْلاہور قلندرز کا رائزنگ سٹارز کے تیسرے ایڈیشن میںغیر ملکی کھلاڑیوں کو حصہ بنانے کا اعلان

اتوار 3 جون 2018 17:32

لاہور۔3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے رائزنگ سٹارز کے تیسرے ایڈیشن میں پردیسیوں کو بھی اس کا حصہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پردیسی رائزنگ سٹارز غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔ رائزنگ سٹارز پروگرام پنجاب، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان خیبر پختونخواہ کے علاوہ دوسرے شہروں میں منعقد ہو گا۔

اس بات کا اعلان لاہور قلندر کے چیئرمین رانا فواد نے لاہور میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لاہور قلندر کے سی ای او رانا عاطف، چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم و سابق کپتان انضمام الحق، سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر اور لاہور قلندر کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید بھی موجود تھے۔ رانا فواد کا کہنا تھا کہ لاہور قلندر کے رائزنگ سٹارز پروگرام نے کئی باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی زندگیوں کو بدل دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پلیٹ فارم سے دنیا کو ٹیلنٹ دیکھنے کا موقع ملا ہے، ایڈیشن تھری کے ساتھ بڑی پیمانے پر واپس آرہے ہیں ، رائزنگ سٹارز کی مقبولیت کی وجہ سے اب کے پی کی اور گلگت بلتستان میں ٹرائلز ہو رہے ہیں، غیر ملکی کھلاڑیوں کی خواہش کو بھی اس سیزن میں پورا کیا جا رہا ہے، پردیسی رائزنگ سٹارز کی صورت میں اس مرتبہ ٹورنامنٹ میں جلوہ گر ہو گی۔ اس موقع پر عاقب جاوید ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز لاہور قلندر نے کہا کہ گزشتہ دو سیزن میں غیر معمولی ٹیلنٹ سامنے آیا تھا، امید ہے تیسرے سیزن میں بھی بھرپور ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

لاہور قلندر کے مینٹور شعیب اختر کا کہنا تھا کہ رائزنگ سٹارز نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک بہت اچھا پلیٹ فارم ہے، مجھے خوشی ہوئی ہے کہ نوجوان کرکٹرز کی زندگی تبدیل ہو چکی ہے، مجھے امید ہے لاہور قلندرز مستقبل میں مزید بڑھے پھولے گا۔ چیف سلیکٹر پاکستان ٹیم اور لاہور قلندر کے ایڈوائزر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز رائزنگ سٹارز کا حصہ بننے پر خوش ہوں، رائزنگ سٹارز ہونہار کرکٹرز کے لئے ایک بہت اچھا پلیٹ فارم ہے، خوشی کی بات ہے کہ اب غیر ملکی کھلاڑیوں کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ کا حصہ بن رہی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندر کا رائزنگ سٹار پروگرام ٹرائلز کا سلسلہ 24 جولائی سے 18 اگست تک ملک کے مختلف شہروں میں جاری رہے گا۔ شیڈول کے مطابق رائزنگ سٹارز پروگرام چوبیس جولائی سے گلگت بلتستان سے شروع ہو گا، آزاد کشمیر میں ستائیس اور اٹھائیس جولائی کو رائزنگ سٹارز کے ٹرائلز ہوں گے، کے پی کے رائزنگ سٹارز کے ٹرائلز ایبٹ آباد مردان میں ہوں گے، رائزنگ سٹارز کے ٹرائیلز راولپنڈی فیصل آباد گوجرنوالا اور لاہور میں ہوں گے ، رائزنگ سٹارز کے ٹرائلز لاہور میں تیرہ اور چودہ اگست کو قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے۔

خیابان امین گراونڈ لاہور میں ٹرائلز اٹھارہ اگست کو ہوں گے۔ بعد ازاں رائزنگ سٹارز ٹورنا منٹ چوبیس سے چھبیس اگست تک مظفر آباد میں ہو گا جبکہ لاہور میں ٹورنامنٹ انتیس اگست سے دو ستمبر تک ہو گا۔