ڈپٹی کمشنر پشاور کا ہوٹلوں و ریسٹورنٹس کے مینو کارڈز پر ٹیکس وغیرہ نہ لکھنے کا نوٹس

اتوار 3 جون 2018 19:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کو عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ پشاور میں بیشتر ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میںصارفین سے ٹیکسوں کی مد میں خفیہ اضافی رقم وصول کی جاتی ہے اور مینو کارڈز میں اس کا کوئی اندراج نہیں ہوتا۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر پشاور نے نوٹس لیتے ہوئے ایک ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیا ہے جس کی رو سے پشاور کے تمام ہوٹل و ریسٹورنٹس مالکان اپنے مینو کارڈز میں ڈش کی قیمت بمعہ ٹیکس درج کریں گے اور اس رقم کے علاوہ صارفین سے کوئی خفیہ اضافی رقم وصول نہیں کی جائی گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق پشاور کے بیشتر ہوٹلز اور ریسٹورنٹس صارفین سے ٹیکسوں اور دیگر خفیہ اضافی رقم وصول کر رہے تھے اور صارفین کو اکثر حیرانی کا سامنا کر نا پڑتا جب مینو کارڈز میں درج رقم سے بل کی رقم زیادہ ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹس مالکان کو پابند کیا ہے کہ وہ مینو کارڈز میں ڈش کی قیمت بمعہ ٹیکس درج کریں خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف چھ جون کے بعد سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔ اس ضمن میں متعلقہ محکموں اور ہوٹل و ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :