موجودہ حکومت کی تعلیمی اصلاحات کی روشنی میں محکمہ تعلیم میں نمایاں بہتری آئی‘ شمس میر

پیر 4 جون 2018 12:00

استور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے پبلک سروس کمیشن سے پاس آوٹ ہونے والی گریڈ 16 کی خواتین اساتذہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) گلگت بلتستان نے ملازمتوں کی فراہمی کو شفاف اور میرٹ پر استوار کرنے کے لئے جو تاریخ اقدامات کئے ہیں اس کے نتائج آج عوام کے سامنے آ نا شروع ہو گئے ہیں اور پبلک سروس کمیشن سے 40 خواتین اساتذہ کی پہلی کھیپ پاس آئوٹ ہوکر محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کو جوائن کر رہی ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ کی صوبائی حکومت تقریباً ایک ہزار آسامیاں پبلک سروس کمیشن کو ارسال کرچکی ہے۔ جن پر تعیناتیوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ یہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت علاقے میں تعلیم پر کمپرومائز نہیں کرے گی اور میرٹ کے ذریعے قابل اساتذہ کو محکمہ تعلیم چلانا ہوگا تاکہ گلگت بلتستان کے بچوں کو جدید نظم تعلیم میسر ہو اور وہ ذمہ دار شہری، اچھے انسان، سچے مسلمان اور غیور پاکستانی بن سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے محکمہ تعلیم کی نیلامی لگائی تھی جس سے گلگت بلتستان کا تعلیمی مستقبل تباہ ہوچکا تھا۔ وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی حکومت کی بھاگ دوڑ سنبھالتے ہی محکمہ تعلیم میں اصلاحات لائیں اور این ٹی ایس اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے اس دارے میں اہل، قابل اور میرٹ پر شفاف تعیناتیوں کو یقینی بنایا گیا۔ جس سے محکمہ تعلیم میں آج انقلابی نتائج سامنے آرہے ہیں اور عوام کا اعتماد سرکاری سکولوں اور نظام تعلیم پر بحال ہو رہا ہے۔