نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے کے لئے ضروری ہے، محکمہ زراعت

پیر 4 جون 2018 13:30

فیصل آباد۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کے لئے باغات میں کھادوں کے مناسب اور متناسب استعمال کی ہدائت کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کے لئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشاوہ پھلوں کی صحت ، نشو ونما ،پیداوار اور معیار پر برے اثرات مرتب کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پودے کو جن غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان میںنائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔انہوںنے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشو ونما میں بھر پور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پھول اور پھل کے بننے ، پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کے لئے نائٹروجنی کھاد کا بروقت استعمال ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔