پاکستان اور برازیل کے مشترکہ بزنس فورم کا قیام ،ہیڈ کواٹر اسلام آباد شاخیں ملک بھر اور برازیل میں ہوںگی

پیر 4 جون 2018 14:10

ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) پاکستان اور برازیل کے درمیان تجارت میں اضافہ کیلئے دونوں ممالک کے مشترکہ بزنس فورم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا ہیڈ کواٹر اسلام آباد جبکہ شاخیں ملک بھر اور برازیل میں ہو ںگی۔ اس بات کا اعلان پاکستان میں برازیل کے سفیر کلاوجو لنزاور ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے ایک تقریب کے دوران کیا جس میں ملک بھر سے کاروباری برادری کے رہنمائوں نے شرکت کی۔

کلاوجو لنزاور غضنفر بلور نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے مابین تجارت کو اس کے حقیقی استعداد تک پہنچانا چاہتے جس کے لئے درامد و برامدکنندگان کے مسائل حل کرنا ہون گے تاکہ روزگار، کاروبار اور محاصل میں اضافہ ہو ۔ انھوں نے کہا کہ برازیل دنیا کی آٹھویں بڑی معیشت ہے مگر پاکستان سے اس کی دو طرفہ تجارت نصف ارب ڈالر سے کچھ زیادہ ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

باہمی تجارت کا جھکائو برازیل کی طرف ہے جسے متوازن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ برازیل پن بجلی اور قابل تجدید زرائع سے بجلی کی پیداوار میں منفرد مقام رکھتا ہے جس سے پاکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے۔اس کے علاوہ تعلیم، ٹیکسٹائل، زراعت ، سپورٹس اور فارما کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔اس موقع پر فورم کے چئیرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل نے کہا کہ متعدد یورپی ممالک پاکستانی مصنوعات درامد کر کے انھیں برازیل کی منڈی میں مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں جس سے پاکستان اور برازیل کی کاروباری برادری کے مابین رابطوں کی کمی کا اندازہ ہوتا ہے۔

نئے بننے والے فورم کے عہدیداروں اور ممبران میں مظہر علی ناصر، کریم عزیز ملک، عاطف اکرام شیخ، ملک زبیر، عامر عطاء باجوہ، عدیل روف، احمد عزیز بلور، عامر فاروق، آمنہ منور اعوان، عزرا جمشید، حسن منشاء، حزیفہ صدیقی، افتخار خان، عرفان الحق قریشی، مس مہتاب خان، منیب صدیقی، عمر جعفر، ریاض ارشد، رمولا نویس، سمرا اختر اور تنویر افسر ملک شامل ہیں۔