پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نہایت دوستانہ ماحول ، انتہائی لچکدار اور بہترین قوانین متعارف کرائے گئے ہیں جو سرمایہ کاروں اور پاکستان دونوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں، پاکستان اور یونان صنعت، تجارت اور مواصولات کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرسکتے ہیں

صدر مملکت ممنون حسین کی یونان کے سبکدوش ہونے والے سفیر دیمی ٹریوس زرئے ٹس سے بات چیت

پیر 4 جون 2018 17:34

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نہایت دوستانہ ماحول ، انتہائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نہایت دوستانہ ماحول ، انتہائی لچکدار اور بہترین قوانین متعارف کرائے گئے ہیں جو سرمایہ کاروں اور پاکستان دونوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یونان کے سبکدوش ہونے والے سفیر دیمی ٹریوس زرئے ٹس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے یونان کے ساتھ انتہائی گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں جن میں مزید گہرائی پیدا کرنے کے لیے سبک دوش ہونے والے سفیر نے بہت محنت سے کام کیا ہے جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک صنعت، تجارت اور مواصولات کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یونان کے صنعت کار ، تاجر اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اس سلسلے میں انتہائی مناسب موقع فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعت کاروں کو ویزا کی زیادہ سے زیادہ سہولتیں میسر آنی چاہیں تاکہ یہ لوگ باہمی تعاون میں مزید مواقع تلاش کرسکیں۔سبکدوش ہونے والے سفیر دیمی ٹریوس زرئے ٹس نے پرجوش مہمان نوازی پر صدر مملکت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں قیام کی خوشگوار یادیں ان کے ذہن میں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔