بلدیہ شرقی میں یوم علی کے مرکزی جلوس و مجالس کے حوالے سے بلدیاتی انتظامات تکمیل کی جانب گامزن

پیر 4 جون 2018 17:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) بلدیہ شرقی میں یوم علی کے مرکزی جلوس و مجالس کے حوالے سے نشتر پارک، جلوس کی گزرگاہوں پر بلدیاتی انتظامات تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے یوسی 11 خداداد کالونی اور لائینز ایریا کا تفصیلی دورہ کیا اور بلدیاتی خدمات کے حوالے سے جائزہ لینے کے ساتھ مجالس و جلوس کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں، تجاوزات و دیگر بلدیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ یوم علی کے موقع پر عزاداران کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہئے، جلوس کے راستے بلدیاتی خدمات سے آراستہ ہوں جبکہ تجاوزات نظر آتے ہی فورا اٹھالی جائیں، افسران یوم علی تک بلدیاتی خدمات کے حوالے سے جائزہ لیں بالخصوص نشتر پارک کے اندر پانی، واش رومز سمیت دیگر سہولیات کو مکمل طور پر بہتر رکھا جائے، اس سلسلے میں ابھی بھی کمی بیشی ہو تو اسے دور کرنے کیلئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ یوم شہادت حضرت علی کے حوالے سے مرکزی جلوس کے راستے میں بلدیہ شرقی کی جانب سے استقبالیہ و طبی کیمپ لگایا جائیگا۔