پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے متعارف کرائے گئے قوانین غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں، ممنون حسین

دونوں ممالک صنعت ، تجارت اور مواصولات کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرسکتے ہیں،صدر مملکت کی یونان کے سبکدوش سفیر دیمی ٹریوس زرئے ٹس سے گفتگو

پیر 4 جون 2018 17:36

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے متعارف کرائے گئے قوانین غیر ملکی سرمایہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نہایت دوستانہ ماحول ، انتہائی لچکدار اور بہترین قوانین متعارف کرائے گئے ہیں جو سرمایہ کاروں اور پاکستان دونوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات پیر کو یونان کے سبکدوش ہونیوالے سفیر دیمی ٹریوس زرئے ٹس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے یونان کے ساتھ انتہائی گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں جن میں مزید گہرائی پیدا کرنے کے لیے سبک دوش ہونے والے سفیر نے بہت محنت سے کام کیا ہے جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک صنعت ، تجارت اور مواصولات کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یونان کے صنعت کار ، تاجر اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اس سلسلے میں انتہائی مناسب موقع فراہم کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعت کاروں کو ویزا کی زیادہ سے زیادہ سہولتیں میسر آنی چاہیں تاکہ یہ لوگ باہمی تعاون میں مزید مواقع تلاش کرسکیں۔سبکدوش ہونے والے سفیر دیمی ٹریوس زرئے ٹس نے پرجوش مہمانوازی پر صدر مملکت ، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں قیام کی خوشگوار یادیں ان کے ذہن میں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔