ہاروی وائنسٹن سیکس اسکینڈل پر ہارر فلم بنانے کا اعلان

پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن پر گزشتہ ماہ 31 مئی کو نیو یارک کی گرینڈ جیوری نے جنسی جرائم اور ریپ کے تحت فرد جرم عائد کی تھی فلم کی کہانی شوبز انڈسٹری کے گرد گھومے گی ، خواتین کی جانب سے اپنے حقوق کیلئے چلائی جانے والی تحریک کو بھی دکھایا جائیگا ،ہدایت کار

پیر 4 جون 2018 19:44

ہاروی وائنسٹن سیکس اسکینڈل پر ہارر فلم بنانے کا اعلان
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) ہالی وڈ کی ہارر اور تھرلر فلموں کے معروف ڈائریکٹر برین ڈی پالما نے ہاروی وائنسٹن کی جانب سے خواتین و اداکاراں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ان کا ریپ کرنے کے معاملے پر فلم بنانے کا اعلان کردیا۔خیال رہے کہ 66 سالہ ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن پر گزشتہ ماہ 31 مئی کو نیو یارک کی گرینڈ جیوری نے جنسی جرائم اور ریپ کے تحت فرد جرم عائد کی تھی ان پر 100 سے زائد خواتین و اداکاراں نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔

ہاروی وائنسٹن کے خلاف گزشتہ برس اکتوبر سے لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس اور لاس اینجلس پولیس الگ الگ تحقیقات کر رہی تھی۔ہاروی وائنسٹن پر انجلینا جولی ،ایشلے جڈ ،سلمی ہائیک اور کیٹ بلینشٹ سمیت اعلی پائے کی ہولی وڈ اداکاراں نے جنسی طور پر ہراساں اور ریپ کے الزامات عائد کیے ہیں ،ان پر سب سے پہلے اکتوبر 2017 میں الزامات سامنے آئے تھے۔

(جاری ہے)

ہاروی وائنسٹن نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اور تمام خواتین کے درمیان رضامندی سے جنسی تعلقات قائم ہوئے، تاہم 31 مئی کو نیو یارک کی گرینڈ جیوری نے ان پر فرد جرم عائد کردی۔ہاروی وائنسٹن سیکس اسکینڈل پر برطانوی نشریاتی ادارہ بی بی سی بھی دستاویزی فلم بنانے کا اعلان کر چکا ہے۔اب ہالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر 77 سالہ برین ڈی پالما نے بھی اس بدنام زمانہ اسکینڈل پر ہارر فلم بنانے کا اعلان کردیا۔

ایک انٹرویو میں ڈائریکٹر برین ڈی پالما نے کہا کہ وہ ہاروی وائنسٹن سیکس اسکینڈل سے جڑی کئی کہانیوں سے باخبر ہیں اور انہیں کئی سال سے ان کا علم تھا۔برین ڈی پالما نے وضاحت کی کہ اگرچہ وہ ہاروی وائنسٹن کے اسکینڈل کو نظر میں رکھ کر ایک فلم کا اسکرپٹ لکھ رہے ہیں تاہم ان کا مرکزی کردار ہاروی وائنسٹن نہیں ہوگا۔معروف ڈائریکٹر کے مطابق انہوں نے فلم بنانے کے لیے ایک فرانسیسی پروڈیوسر سے بھی بات کر رکھی ہے ، ان کی فلم بولڈ ہارر ہوگی، جس میں جنسی جرائم اور ریپ کے واقعات کو دکھایا جائے گا۔

ہدایت کار نے بتایا کہ فلم کی کہانی شوبز انڈسٹری کے گرد گھومے گی اور اس میں خواتین کی جانب سے اپنے حقوق کیلئے چلائی جانے والی تحریک کو بھی دکھایا جائے گا۔برین ڈی پالما نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک فلم کا اسکرپٹ مکمل کرلیں گے اور فلم کو کب ریلیز کیا جائیگا تاہم امکان ہے کہ برین ڈی پالما اس فلم پر اس وقت کام شروع کریں گے، جب ہاروی وائنسٹن کیس کا فیصلہ آچکا ہوگا۔ہاروی وائنسٹن کا مقدمہ اس وقت نیویارک کی گرینڈ جیوری میں زیر سماعت ہے ، جس کی اگلی سماعت جولائی میں ہوگی۔۔