اردو سائنس بورڈ کے زیراہتمام ’’ سائنسی فکرکے فروغ میں اردوادیبوں کاحصہ ‘‘کے موضوع پرمذاکرہ

پیر 4 جون 2018 22:03

لاہور۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) اردو سائنس بورڈ کے زیراہتمام ’’سائنسی فکرکے فروغ میں اردوادیبوں کاحصہ‘‘کے موضوع پرمذاکرہ منعقد ہوا، مذاکرہ میں ممتاز اہل قلم امجد اسلام امجد، ڈاکٹر تبسم کاشمیری، مسعوداشعر، عارفہ سیدہ زہرا، ڈاکٹرنجیب جمال اورڈاکٹر ناصرعباس نیر نے اظہارخیال کیا، اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر ناصرعباس نیّر نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ سائنس حسیاتی شعور کو استعمال میں لاکر یہ سمجھنے کی ایک کوشش ہے کہ فطرت کیا ہے اورکیسے عمل کرتی ہے، ہم فطرت کے مطالعہ سے حاصل ہونے والے علم سے انسانوں کی زندگی کو بہتر کیسے بناسکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ بورڈ پاکستانی تناظرمیں ماہانہ لیکچرز اور مذاکروں کے ذریعے سائنسی اور دانش ورانہ فکر اور سوچ کو ترقی پسندانہ اندازمیں فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے، معروف شاعر اورکالم نگارامجداسلام امجد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ادب میں سائنس فکشن زیادہ مقبول ہے لیکن ہمارے ہاں اردومیں اس پر بہت کم کام ہواہے، مسعود اشعر نے کہا کہ ہمارا ادب تنزل کا شکار ہے ، دنیاکی مختلف زبانوں سے اردومیں کتب کے تراجم کم ہورہے ہیں، ہمارے ادیب بلاخوف نہیں لکھ پا رہے، ڈاکٹرتبسم کاشمیری نے کہا کہ ہمارے ہاں سائنسی فکروسوچ ناپید ہے، کلاس میں طلبہ کو سوال نہیں کرنے دیا جاتا ، جس کی وجہ سے سائنسی فکر پیدا نہیں ہوسکتی، ڈاکٹرعارفہ سیّدہ زہرا نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ علم کی بنیاد فکر ہے اور فکرکی بنیاد سائنس ہی ہے، انہوں نے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ہم اردو زبان کے حوالے سے صرف جذباتی ہیں، عملی طورپر اس کیلئے کوئی کام نہیں کیا، اصغر ندیم سیّد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم فطری اورسماجی علوم کوالگ نہیں کرسکتے ، ہم نے سائنس کو بنیادی طورپر ٹھیک طرح سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی، معاشرے میں سائنسی فکر اور سوچ پیدا کرنے کیلئے آج کے ادیب کو جدیدعلوم کے بارے میں پڑھنا اور سمجھنا ہوگا، ڈاکٹر نجیب جمال نے سائنسی فکرکے ارتقا اور خصوصاً برصغیر اور پاکستانی تناظرمیں سائنسی فکرکے فروغ کیلئے شاعروں اور ادیبوں کے کردار اور تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی ، مذاکرہ میں ڈاکٹرہارون عثمانی، صہیب مرغوب، ڈاکٹرغافرشہزاد، اقبال نبی ندیم، ڈاکٹراشفاق ورک، پروفیسر ناصربشیر، ڈاکٹرشاہدہ دلاورشاہ، شاہ زیب خان، اورنگ زیب نیازی، افضال حیدر، محمودالحسن، آغرندیم سحر، ڈاکٹرعنبرین صلاح الدین، سجادبلوچ، نصراللہ، ہارون اکرم گل، شائستہ شریف، رفعت رفیق، قمرعلوی ، جنیدرضا اوردیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :